واٹر بورڈ فراہمی آب کے منصوبے کے فور کے لیے کنسلٹنٹ کا تقرر

کراچی کےلیےاہمیت اورافادیت کےباعث کراچی کی تجارتی، صنعتی، سماجی اور معاشی زندگی میں انقلاب لائے گا،سید ہاشم رضا زیدی

گریٹرکراچی منصوبہ کے فور کراچی کے لیے اہمیت اور افادیت کے باعث کراچی کی تجارتی، صنعتی، سماجی اور معاشی زندگی میں انقلاب لائے گا، سید ہاشم رضا زیدی۔ فوٹو: فائل

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی نے فراہمی آب کے منصوبے کے فور کے لیے کنسلٹنٹ کا تقرر کر دیا ہے، مشاورتی فرم عثمانی اینڈ کمپنی کو کام تفویض کردیا گیا ہے۔

پیر کو ایم ڈی آفس میں واٹر بورڈ اور عثمانی اینڈ کمپنی کے درمیان معاہدہ پر ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا زیدی اورچیئرمین عثمانی اینڈ کمپنی انعام عثمانی نے دستخط کیے اور دستاویز کا تبادلہ کیا،اس مو قع پر عثمانی اینڈ کمپنی کے ڈائریکٹر عارف عثمانی، کرنل (ر)اجمل رشید، عاصم عثمانی، بریگیڈیئر (ر) نسیم، محمد احتشام، آغا منظور، منصوبہ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سلیم صدیقی، پروجیکٹ منیجر قیصر علی، محمد ایوب شیخ بھی موجو د تھے۔


ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے دستخطی تقریب کے موقع پر کہا کہ گریٹرکراچی منصوبہ کے فور کراچی کے لیے اہمیت اور افادیت کے باعث کراچی کی تجارتی، صنعتی، سماجی اور معاشی زندگی میں انقلاب لائے گا، انھوں نے کہا کہ 2006سے التوا کے شکار اس منصوبہ کا آغاز ہوگیا ہے، کوشش ہے کہ یہ منصوبہ 3 سال سے قبل مکمل ہو اور اس کی ڈیزائننگ بھی 9 ماہ قبل کرلی جائے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ منصوبہ حکومت سندھ اور وفاقی حکومت کاکراچی کے لیے تحفہ ہے جس کی منظوری وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں دی،انھوں نے کہا کہ منصوبہ کا تخمینہ 25 ارب روپے سے زیادہ ہے جو وفاقی اور صوبائی حکومت فنڈ سے مکمل ہوگا،ابتدائی فنڈ حاصل ہوچکاہے اور مزید فنڈز کی دستیابی میں کسی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا، انھوں نے کہا کہ کہ K-IV کا یہ منصوبہ سابق صدر آصفٖ علی زرداری کا ترجیحی پروجیکٹ رہا ہے۔
Load Next Story