متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کو اسمبلی رکنیت سے ہٹانے پر غور شروع کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رابطہ کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نبیل گبول کی جانب سے مسلسل پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی کی جارہی تھی اور اس حوالے سے انہیں کئی بار نوٹسز بھی جاری کئے گئے جس کے باوجود تنظیمی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نبیل گبول سے حتمی بات کی جائے گی اور ان کے رویئے میں تبدیلی نہ آنے کی صورت میں کسی بھی وقت ان سے استعفی طلب کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ نبیل گبول پیپلزپارٹی چھوڑ کر ایم کیو ایم میں شامل ہوئے تھے اور 2011 کے عام انتخابات میں وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 سے کامیاب ہوئے اور اس حلقے کو ایم کیو ایم کا گڑھ بھی سمجھا جاتا ہے۔