دہشت گردی انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا بلاامتیاز خاتمہ کیا جائے گا کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ

کورکمانڈرز کانفرنس میں وفاقی اور صوبائی سطح پر قومی ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کا بھی فیصلہ کیا گیا

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا فوٹو: فائل

سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک سے دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے بلاامتیاز خاتمے کے عزم کا اظہار کیا گیا کیا۔


ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت 8 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال سمیت فوج کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس موقع پر شرکا نے ملکی اندرونی اور بیرونی سلامتی کے امور کا جائزہ لیتے ہوئے آپریشن ضرب عضب، خیبر ون اور پاک افغان تعلقات پر بھی بات کی۔


اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملک سے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا بلاامتیاز خاتمہ کیا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کا دوسرا دور کل بھی ہوگا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف بریگیڈیئر پوسٹوں پر رکی ہوئی تقرریوں کے حوالے سے اعلان کریں گے ۔





 

Load Next Story