تائیوان میں مسافر طیارہ دریا میں گرنے سے 22 افراد ہلاک متعدد لاپتہ

لاپتہ ہونے والے مسافروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے، حکام


ویب ڈیسک February 04, 2015
حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ فوٹو؛ رائٹرز

ISLAMABAD: تائیوان میں مسافر طیارہ دریا میں گر کر تباہ ہونے سے 22 افراد ہلاک جب کہ متعدد لاپتہ ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان کی ٹرانس ایشیا ایئرویز کا طیارہ پل سے ٹکرانے کے بعد دریا ئے تائی پے میں جا گرا جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ تائیوان کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت طیارے میں 58 مسافر اور جہاز کا عملہ سوار تھا جس میں زیادہ تعداد چین کے سیاحوں کی تھی۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ طیارے کے حادثے کی جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ دریا میں گرنے سے قبل پل سے ٹکرایا جبکہ سامنے سے آنے والی ٹیکسی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران اب تک 15 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے تاہم 22 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 21 ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ دوسری جانب ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے بارے میں ابتدائی طورپر کچھ کہنا قبل از قت ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ٹرانس ایشیا ایئر ویز کے طیارے کا گزشہ چند ماہ میں دوسرا بڑا حادثہ ہے اس سے قبل گزشتہ سال جولائی میں اسی ایئر لائن کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 48 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں