نیو کراچی سے 22 افراد کا قاتل اشتہاری ٹارگٹ کلر گرفتار

فرقان سیاسی اور مذہبی کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے،گرفتار ٹارگٹ کلر سنی تحریک کا سابق۔۔۔


Staff Reporter February 05, 2015
ملزم پر25 قتل اور بھتہ خوری کے مقدمات درج ہیں،15مقدمات میں گرفتار ہوا، ضمانت پر رہا ہوکر مفرور ہوگیا تھا، ایس ایس پی فاروق اعوان۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے پولیس اہلکار اور متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں سمیت22 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

گرفتار ملزم سنی تحریک کا ذمے دار ہے، ملزم کے ساتھی پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں، یہ بات ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ فاروق اعوان نے پریس کانفرنس میں بتائی، انھوں نے بتایا کہ پولیس پارٹی نے نیو کراچی سے ٹارگٹ کلر فرقان قادری کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک پستول جو وہ قتل کی وارداتوں کے لیے استعمال کرتا تھا برآمد کر لیا ہے، ملزم سنی تحریک کا سابقہ سیکٹر انچارج اور موجودہ کراچی تنظیمی کمیٹی کا عہدیدار ہے، ملزم فرقان قادری متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ سمیت سیاسی و مذہبی کارکنان اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہے۔

ملزم نے سال 2014 میں نیو کراچی تھانے کے اے ایس آئی عبد الرحیم خان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا، ملزم فرقان قادری پر بلال کالونی، نیوکراچی صنعتی ایریا، خواجہ اجمیر نگری اور نیوکراچی تھانوں میں 25 سے زائد قتل ، بھتہ خوری کے مقدمات درج ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم فرقان قادری نے اب تک متحدہ قومی موومنٹ کے عامر خان ولد نسیم خان، محمد عرفان ولد محمد اقبال، عمران قریشی ولد عطا اﷲ، زاہد ولد محمد رفیق، دانش ولد سلیم الدین، محمد ارشد ولد محمد قاسم، احمد نواز ولد اﷲ بخش، محمد شکیل ولد نبی بخش اور لیاقت ولد نور محمد سمیت 10 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے، ایس ایس پی فاروق اعوان نے بتایا کہ ملزم مذکورہ گرفتاری سے قبل پولیس مقابلوں، جلاؤ گھیراؤ، بھتہ خوری، ڈکیتی، مزاحمت پر ایک شخص کے قتل، قتل اور اقدام قتل کے 15 مقدمات میں گرفتار کیا جاچکا ہے تاہم عدالت سے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد مفرور ہوگیا تھا جس پر عدالت نے اسے اشتہاری قراردے دیا تھا۔

فرقان قادری مذکورہ مقدمات کے علاوہ نیو کراچی اور خواجہ اجمیر نگری پولیس کو قتل اور پولیس مقابلوں کے7 مقدمات میں مطلوب تھا انھوں نے بتایا کہ وارداتوں میں ملوث ملزم کے 4 ساتھی ساجن ، رشید عرف راجہ، عرفان چیوڑہ اور ارشد عرف کے ٹو پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل جاچکے ہیں، ملزم فرقان قادری کی گرفتاری کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ نے وزارت داخلہ کو 10 لاکھ روپے انعام مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں