پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

یوم یکجہتی کشمیرکےموقع پرمقبوضہ کمشیرمیں مکمل شٹرڈاؤن رہی جب کہ لندن میں بھی بھارتی مظالم کیخلاف ریلیاں نکالی گئیں

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کمشیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جب کہ لندن میں بھی بھارتی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں، فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان میں عام تعطیل تھی جب کہ سیاسی جماعتوں، سماجی اداروں اور سول سوسائٹی کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے لئے مختلف سیمینار بھی منعقد کئے گئے جب کہ کوہالہ پل کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی رنجیر بھی بنائی گئی جس کا مقصد کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کرنا اور عالمی دنیا کو واضح پیغام دینا تھا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کمشیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جب کہ لندن میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیریوں کی جانب سے بھی بھارتی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں،


صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیرکے حل میں کردار ادا کرے اور کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، مسئلہ کمشیر کے منصفانہ حل سے ہی خطے میں پائیدار امن ممکن ہوگا، کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، وہ ون دور نہیں جب کشمیری اپنی منزل حاصل کر لیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کے لئے لا زوال قربانیاں دے رہے ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے جس کا مقصد اقوام عالم کی توجہ جنت نظیر وادی میں بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرانا اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کرنا ہے۔ بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں آزادی کی تحریک کے بعد سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید جب کہ سیکڑوں خواتین کی عصمت دری کرچکی ہے۔
Load Next Story