محمد عرفان ورلڈ کپ میں خطرناک ترین ہتھیارثابت ہوگا سر ویوین رچرڈ
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بیٹسمین سر ویوین رچرڈ نے ورلڈ کپ 2015 سے قبل 10 کھلاڑیوں کو پسندیدہ ترین کھلاڑی قرار دیا ہے جس میں پاکستانی فاسٹ بولر محمد عرفان بھی شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کو 2 ورلڈ کپ جتوانے والے ویوین رچرڈ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2015 میں 10 کھلاڑی ایونٹ کو دلچسپ بنا سکتے ہیں جن میں 8 بیٹسمین اور 2 بولرز شامل ہیں جب کہ 7 فٹ لمبے پاکستانی فاسٹ بولرآسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی باؤنسی پچز پرخطرناک ترین بولر ثابت ہوسکتے ہیں اور اگر وہ پورے ٹورنامنٹ میں فٹ رہے تو اپنی ٹیم کے لئے کارآمد اور بلے بازوں کو مشکلات میں ڈال سکتے ہیں۔
ویون رچرڈ نے جنوبی افریقی فاسٹ بولرڈیل اسٹین کو بھی اپنے پسندیدہ بولر میں شامل کیا جب کہ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ڈیل اسٹین اپنی رفتار اور جارحانہ انداز کی بدولت ورلڈ کپ میں حیران کن کارکردگی پیش کرسکتے ہیں اور اسی خوبی کی بدولت ڈیل اسٹین پسندیدہ ترین بولر ہیں۔
سر ویون رچرڈ نے جن بیٹسمینوں کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی قراردیا اس میں کوئی پاکستانی بلے باز شامل نہیں جب کہ حال ہی میں ایک روزہ میچ میں تیز ترین سنچری بنانے والے جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈویلیئرز سرفہرست ہیں اور ان کے بارے میں ویون رچرڈ کا کہنا تھا کہ ڈویلیئرز کا پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرنا ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے اور ورلڈ کپ میں انہیں آؤٹ کرنا کسی بھی بولر کے لئے بہت مشکل کام ہوگا جب کہ ان کے پسندیدہ بلے بازوں میں بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی، ویسٹ انڈیز کے بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے کرس گیل، آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ، گلین میکسویل، سری لنکن وکٹ کیپر بلے باز کمارسنگاکارا اور نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈم میکولم شامل ہیں۔