خوراک کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ماہ 19 فیصد کمی

سیریلز کی قیمتیں جنوری میں دسمبر سے 3.6 فیصد کم ہوئیں جو 2008 کی سطح سے 34 فیصد نیچے ہیں، ایف اے او

سیریلز کی عالمی کھپت 1104 ملین ٹن رہنے کی امید ہے جو گزشتہ سال سے 1.1 فیصد زیادہ ہے جبکہ 2015 میں سیریلز کے عالمی ذخائر 8 فیصد بڑھ کر 623 ملین ٹن پر پہنچنے کی امید ہے۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
خوراک کی عالمی قیمتوں میں جنوری کے دوران 1.9 فیصد کمی دیکھی گئی، اس دوران گندم، چاول سمیت سیریلز کی قیمتیں 3.6 فیصد، کھانے کا تیل2.9 فیصد اورگوشت1.6فیصد سستا ہوگیا جبکہ چینی اورڈیری مصنوعات کی قیمتیں دسمبر کی سطح پر برقرار رہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک وزراعت (ایف اے او) کی جانب سے جاری ای میل رپورٹ کے مطابق ایف اے او کا فوڈ پرائس انڈیکس گزشتہ ماہ 182.1 پوائنٹس پر آگیا جو دسمبر کی سطح سے 1.9فیصد کم ہے، قیمتیں گرنے کی وجہ پیداوار میں اضافے سے متعلق توقعات ہیں، اسی وجہ سے ایف اے او نے سیریلز کی عالمی پیداوار میں اضافے کی امید ظاہر کی ہے۔ واضح رہے کہ خوراک کی عالمی قیمتیں اپریل 2014 سے مسلسل کم ہو رہی ہیں۔

ایف اے او کے مطابق سیریلز کی قیمتیں جنوری میں دسمبر سے 3.6 فیصد کم ہوئیں جو 2008 کی سطح سے 34 فیصد نیچے ہیں، گزشتہ ماہ گندم کی قیمتوں میں وافر سپلائی کے باعث 7 فیصد کمی ہوئی، جنوری میں کھانے کے تیل کی قیمتیں 2.9فیصد نیچے آگئیں اور فی الوقت اکتوبر 2009 کے بعد کم ترین سطح پر ہیں، جنوری میں قیمتیں گرنے کی وجہ کروڈ آئل پرائسز میں کمی بتائی گئی ہے کیونکہ کم قیمتوں کی وجہ سے ویجیٹیبل آئل کا بائیو ڈیزل کی تیاری میں استعمال گھٹ گیا ہے۔


گزشتہ ماہ امریکی ڈالر کی قدر بڑھنے کے باعث گوشت کی قیمتیں 1.6فیصد گریں تاہم ایف اے او کا ڈیری پرائس انڈیکس دسمبر کی سطح 173.8 پوائنٹس پر برقرار رہا اور چینی کی قیمتوں میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور ایف اے او کا شوگر پرائس انڈیکس 217.7 پوائنٹس رہا، دسمبر میں بھی اس اشاریے کی یہی سطح تھی۔ ایف اے او کے مطابق سالانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو گوشت کی قیمتوں میں جنوری 2014 سے اب تک 6 فیصد اضافہ ہو چکا ہے جبکہ 12 ماہ میں ڈیری کی قیمتوں میں 35 فیصد کمی آچکی ہے۔

دوسری طرف سیریلز کی عالمی پیداوار کا تخمینہ 2 ہزار534 ملین ٹن لگایا گیاہے۔ ایف اے او کی تازہ ترین سیریل سپلائی اینڈ ڈیمانڈ بریف نامی رپورٹ کے مطابق شمالی امریکا و نیئر ایسٹ میں گندم کی پیداوار میں اضافے کی امید ہے اور شمالی کرہ پر فصل تیار کھڑی ہے تاہم مشرق بعید ایشیا کے بعض علاقوں اور روسی فیڈریشن میں پیداوار کم رہے گی، مکئی کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہے۔

سیریلز کی عالمی کھپت 1104 ملین ٹن رہنے کی امید ہے جو گزشتہ سال سے 1.1 فیصد زیادہ ہے جبکہ 2015 میں سیریلز کے عالمی ذخائر 8 فیصد بڑھ کر 623 ملین ٹن پر پہنچنے کی امید ہے، گندم ومکئی کے ذخائر میں اضافے کا امکان اور چاول کے ذخائر میں کمی کا خدشہ ہے جس کی وجہ بھارت، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کی پیداوار میں کمی ہے جس کے نتیجے میں سیریلز کا عالمی ذخیرہ برائے استعمال تناسب 25فیصد رہنے کی امید ہے جو گزشتہ ایک دہائی میں سب سے زیادہ ہے۔
Load Next Story