محکمہ کسٹمز نے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری پکڑ لی

کیمیکل کا مذکورہ کنسائمنٹ ملائیشیا، آسٹریلیا اورناروے اوریجن کا تھا جس پر 5 فیصد تا 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی عائد ہوتی ہے۔


Ehtisham Mufti February 06, 2015
محکمہ کسٹمزکی اس ضمن میں مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق مذکورہ کثیر قومی ادارے نے کیمیکل کے 34کنسائمنٹس کو پاکستان کسٹمزٹیرف3909.5000 میں ظاہر کرکے کلیئرکرائے. فوٹو: فائل

محکمہ کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ نے کیمیکل کے درآمدی کنسائمنٹ کو مس ڈیکلریشن کے ذریعے کلیئر کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے درآمدکنندہ کے خلاف ٹیکس چوروی کا الزام عائد کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق میسرز القمر انٹرپرائزز کی جانب سے درآمدکیے جانے والے کیمیکل (لیٹکس ڈرمز، ایم ایس وتھ ٹیرک نونوئنگ سرفیکٹینٹ، کیلاسی گلاس، کیلشیم نائیٹریٹ) کے کنسائمنٹ کو ایک پی سی ٹی میں ظاہر کر کے 1 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کی ادائیگی پر کلیئر کرنے کی کوشش کی جبکہ ایگزامینشن رپورٹ کے تحت درآمدکیے جانے والے مذکورہ تینوں کیمیکل کو دبئی اوریجن ظاہرکیاگیا لیکن درحقیقت کیمیکل کا مذکورہ کنسائمنٹ ملائیشیا، آسٹریلیا اورناروے اوریجن کا تھا جس پر 5 فیصد تا 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی عائد ہوتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کسٹمز ایگزامینشن رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مذکوہ کیمیکل کے کنسائمنٹ کے کنٹینر میں انوائس اور پیکنگ لسٹ بھی موجود نہیں تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ اپریزمنٹ ایسٹ کے ایڈجیوڈیکیشن کلکٹریٹ نے تمام حقائق کو مدنظررکھتے ہوئے مذکورہ درآمدکنندہ پر کنسائمنٹ کی مجموعی قیمت کا 35 فیصد یعنی 19 لاکھ 29 ہزار روپے جرمانہ اور50 ہزارروپے پیلنٹی عائدکردی ہے۔

دریں اثنا کسٹمز اپریزمنٹ کلکٹریٹ ایسٹ کے شعبہ آراینڈ ڈی نے ایک کثیر قومی ادارے کی چین سے درآمد ہونے والے 15 کروڑ 99 لاکھ روپے مالیت کے وینٹی 8019 نامی کیمیکل کے 34 کنسائمنٹس کی کلیئرنس پر3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کسٹمز ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی چوری پر مذکورہ کثیر قومی کمپنی کے خلاف کنٹراونشن بنا دی ہے۔

محکمہ کسٹمزکی اس ضمن میں مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق مذکورہ کثیر قومی ادارے نے کیمیکل کے 34کنسائمنٹس کو پاکستان کسٹمزٹیرف3909.5000 میں ظاہر کرکے کلیئرکرائے جس کی وجہ سے قومی خزانے کو3کروڑ 39لاکھ 40ہزار651 روپے مالیت کانقصان پہنچایا گیا کیونکہ پی سی ٹی 3909-5000 کے ذریعے مذکورہ کیمیکل کی کلیئرنس پر ایس آراو659کے تحت فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی بھی سہولت لی جاتی ہے لیکن مذکورہ کثیر قومی ادارے نے اپنے کلیئرنگ ایجنٹ کے ساتھ مل کر''وینٹی 8019'' نامی کیمیکل کی کلیئرنس پرکسٹمزڈیوٹی صفر، سیلزٹیکس 2 فیصد، ایڈیشنل سیلز ٹیکس 2 فیصد اور انکم ٹیکس 3 فیصدکے تناسب سے اداکیا جبکہ پی سی ٹی 3824-9091کے تحت مذکورہ کنسائمنٹس کی کلیئرنس پر 5 فیصد کسٹمز ڈیوٹی،17فیصد سیلز ٹیکس، 3 فیصد ایڈیشنل سیلز ٹیکس اور 3 فیصد انکم ٹیکس عائدہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں