پاکستان کی شکست نے شائقین کو سخت افسردہ کردیا

پورے ملک میں مایوسی چھاگئی، کرکٹ کا بخار اُتر گیا، جشن فتح کے انتظامات دھرے رہ گئے

پورے ملک میں مایوسی چھاگئی، کرکٹ کا بخار اُتر گیا، جشن فتح کے انتظامات دھرے رہ گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

NEW DEHLI:
ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کی میزبان سری لنکا کے ہاتھوں شکست نے شائقین کو سخت افسردہ کر دیا۔


پورے ملک میں مایوسی چھاگئی اور کرکٹ کا بخار اُترگیا، مختلف شہروںمیں فتح کا جشن منانے کے انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور پشاور کے مختلف مقامات پر شائقین نے اکھٹے ہوکر میچ دیکھا۔ اس موقع پر بڑی اسکرینز پر میچ دکھانے کے انتظامات کیے گئے تھے۔ شائقین صبح سے میچ کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے جبکہ ٹی وی چینلز پر میچ سے متعلق خبروں سے ان کے جوش وخروش میں اضافہ ہورہا تھا۔ شائقین نے جشن منانے اور ہلا گلا کرنے کے انتظامات کررکھے تھے۔ منچلے نوجوان قومی ٹیم کا ڈریس پہنے میچ سے لطف اندوز ہورہے تھے۔

کچھ مقامات پر آتشبازی کرنے کا بھی پروگرام تھا۔ میچ کے آغاز سے قبل سڑکوں پر ٹریفک کم ہوگیا جبکہ شاپنگ سینٹرز اور کاروباری مراکز میں سناٹا چھا گیا، سری لنکاکو 139 رنز پر محدود کرنے کے بعد کرکٹ مداحوں کو یقین تھا کہ پاکستانی بیٹسمین مطلوبہ ہدف حاصل کرلینگے تاہم نتیجہ توقعات کے برعکس نکلنے پر شائقین کے دل ٹوٹ گئے۔ پورے ملک میں مایوسی اور افسردگی کی فضا چھاگئی، ٹی وی چینلز پر قومی ہیروز پر لعن طعن شروع ہوگئی اور وہ اینکرز جن کاکرکٹ سے دور دور تک تعلق نہیں انھوں نے بھی قومی ٹیم کوخوب ہدف تنقید بنایا۔
Load Next Story