PESHAWAR:
وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے خلاف سابق صدر پرویز مشرف کے ارد گرد جمع ہونے والوں کو مایوسی ہوگی اور اگر وفاق سے اجازت مل گئی تو ترجیح طور پر وہ بیرون ملک روانہ ہوجائیں گے ۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے خلاف سابق صدر پرویز مشرف کی سرگرمیوں پر نظر ہے ان کی ترجیح سیاست نہیں بلکہ ملک سے باہر جانا ہے اور اگر وفاق پرویز مشرف کو اجازت دیتا ہے وہ باہر چلے جائیں گے جس کے بعد ان کے اردگرد جمع ہونے والوں کو مایوسی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں اورسینیٹ الیکشن میں بہت سے سرپرائز سامنے آئیں گے،سیاست میں دشمنیاں نہیں ہوتیں اس لئے ایم کیو ایم سے بھی بات جاری ہے اور اگر ایم کیو ایم کوئی الزام لگاتی ہے تو اس کا بھرپور جواب دیا جتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ مذاکرات نہ کئے جائیں۔
وزیراطلاعات سندھ نے اپوزیشن لیڈر شہریار مہر کی جانب سے پیسے لے کر پولیس میں بھرتیوں کے الزام پر کہا کہ سندھ حکومت کی توجہ امن و امان کے قیام پر ہے اور اس حوالے سے ریپیڈ رسپانس فورس تشکیل دی گئی ہے اور پولیس ملازمین تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر کردی گئی ہے جبکہ محکمہ پولیس میں بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر ہورہی ہیں اور اگر کسی کا کریمینل ریکارڈ موجود ہے تو نام فراہم بتایا جائے یا عدالت چلے جائیں۔