محنت کا پھل

جو انسان محنت کرتا ہے اس کا پھل اسے جلد یا بدیر مل جاتا ہے


ایکسپریس July 14, 2012
جو انسان محنت کرتا ہے اس کا پھل اسے جلد یا بدیر مل جاتا ہے

مَیں کمرے میں بیٹھا ٹی وی دیکھ رہا تھا کہ دروازے پر زور زور سے دستک ہونے لگی۔ امی کچن سے نکلیں اور مجھ سے کہا؛ ''دیکھو دروازے پرکون ہے۔''

مَیں نے ٹی وی بند کیا اور جا کر دروازہ کھول دیا۔ وہاں ایک دس بارہ سال کا بچہ کھڑا تھا۔ مجھے دیکھ کر اس نے مدد کی درخواست کی۔ شکل سے وہ بھکاری نہیں لگتا تھا۔ مَیں نے اسے اندر بٹھایا اور پوچھا؛ ''بتائو! مَیں تمہاری کیا مدد کرسکتا ہوں؟'' اتنے میں امی بھی آگئیں۔

وہ کہنے لگا؛ ''مَیں بھوکا ہوں، مجھے کھانا کھلا دو۔'' امی اُس کے لیے کھانا لے آئیں۔ وہ کھانا کھاتے ہوئے کہنے لگا؛ ''مَیں کام کرنا چاہتا ہوں مگر کوئی بھی کام نہیں دیتا۔''

''وہ کیوں؟'' امی نے پوچھا۔

''سب کہتے ہیںکہ تم ابھی بچے ہو۔'' اس نے جواب دیا۔

میں نے اس سے کہا؛ '' انسان چاہے آدھی روٹی کھائے مگر وہ اپنی محنت کی ہو تو خود خوشی محسوس کرتا ہے اور اﷲ بھی ایسے لوگوں کو پسند کرتا ہے۔'' پھر مَیں نے مزید کہا؛ ''تم چاہو تو مَیں تمہاری مدد کرسکتا ہوں مگر ایک شرط ہے۔''

''وہ کیا؟'' اس نے پوچھا۔

''وہ یہ کہ مَیں تمہیں پیسے دوںگا تاکہ تم اس سے سامان خریدکر کام شروع کرسکو۔'' مَیں نے کہا۔ وہ راضی ہوگیا۔

مَیں نے اسے اپنے جیب خرچ سے بچائے ہوئے پیسے لاکر دیے تو وہ بولا؛ ''مَیں ان سے جوتے پالش کرنے کا سامان خرید کر عزت کے ساتھ روزی حاصل کر سکوںگا۔ اور ہاں۔۔۔۔! مَیں یہ پیسے اُدھار لے رہا ہوں۔ جب میرے پاس اتنے پیسے جمع ہو جائیںگے تو مَیں آپ کو لوٹا دوںگا۔''

وہ چلا گیا اور میں اسے پیسے دے کر بھول گیا۔ دو سال بعد وہ لوٹ کر آیا تو میں اسے دیکھ کر بہت خوش ہوا۔ اس نے بتایا؛ ''آپ سے پیسے لے کر مَیں نے جوتے پالش کرنے کا سامان خریدا اور محنت سے کام کرنے لگا۔ اﷲ نے مجھے میری محنت کا پھل دیا اور میں رفتہ رفتہ ترقی کرتا گیا پھر مَیں نے یہ کام چھوڑ کر ایک دکان لے لی۔ اب مَیں کام کرنے کے ساتھ ساتھ پڑھتا بھی ہوں۔ صبح اسکول جاتا ہوں اور دوپہر کو آکر دکان پر بیٹھتا ہوں۔''

مَیں نے کہا؛ ''یہ سب تمہاری محنت کا پھل ہے جو تمہیں اپنی جِدوجُہد اور لگن کی وجہ سے حاصل ہوا ہے۔ اسی لیے تو کہا جاتا ہے کہ محنت میں عظمت ہے۔ اگر تم بھی کچھ لوگوں کی طرح کام سے جی چُراتے اور بھیک مانگتے رہتے تو کبھی ترقی نہ کرپاتے۔''

اس نے مجھے بطور قرض لیے ہوئے پیسے واپس دینے چاہے تو مَیں نے یہ کہہ کر اسے واپس دے دیے کہ ''کل کوئی اور ضرورت مند تمہارے پاس مدد کے لیے آئے تو ان پیسوں سے اس کی مدد کردینا تاکہ وہ بھی محنت کرکے تمہاری طرح منزل پاسکے۔'' میری بات سن کر وہ مُسکرا دیا۔

''سچ ہے، جو انسان محنت کرتا ہے اس کا پھل اسے جلد یا بدیر مل جاتا ہے۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہمیشہ بھرپور محنت کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں