عمران خان دن میں اتنے کوٹ نہیں بدلتے جتنے بیان بدل لیتے ہیں پرویز رشید

عمران خان کا حال یہ ہے کہ وہ وزیر اعظم سے ابتدا کرکے ایس ایچ او کے استعفے پر راضی ہوجاتے ہیں، وزیر اطلاعات پرویز رشید


ویب ڈیسک February 06, 2015
این اے 122 میں جانچ پڑتال سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا، پرویز رشید فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا حال یہ ہے کہ وہ وزیر اعظم سے ابتدا کرکے ایس ایچ او کے استعفے پر راضی ہوجاتے ہیں جب کہ این اے 122 میں جانچ پڑتال سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان دن میں اتنے کوٹ ا نہیں بدلتے جتنے بیان بدل لیتے ہیں، وہ پہلے جس الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کرتے رہے اب اس کی تعریف کر رہے ہیں اور ان کا حال یہی ہے کہ وہ وزیر اعظم کے استعفے سے ابتدا کرکے ایس ایچ او کے استعفے پر راضی ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مس ایڈونچر کی وجہ سے میگا منصوبوں پر کام شروع نہیں ہوسکا، این اے 122 میں انہوں نے دھاندلی کا خوب شور مچایا اور جب جانچ پڑتال ہوئی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا جب کہ جس آمر نے ملک کو اتنا نقصان پہنچایا عمران خان اس کے بھی ساتھی تھے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ جب بھی حکومت میں آئی اس نے بلدیاتی انتخابات کرائے، بلدیاتی انتخابات کرانا حکومت کی سب سے بڑی خواہش ہے اور ابھی بھی بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امیدواروں نے بلدیاتی انتخابات کے کاغذات تک حاصل کرلئے تھے لیکن کچھ قانونی پیچیدگیاں حائل ہوگئیں جس کے باعث انتخاب کا عمل رک گیا، حلقہ بندیاں کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے جس میں حکومت دخل نہیں دے سکتی اور جیسے ہی حلقہ بندیوں کا معاملہ حل ہوگا بلدیاتی انتخابات کرادیئے جائیں گے۔

فوجی عدالتوں کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی تعداد طے کرلی گئی ہے، مقدمات کی اسکروٹنی ہورہی ہے اور پاکستان کے دشمنوں کو سزاؤں کا عمل بھی جلد شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 23 مارچ کو قوم فخر کے ساتھ اپنی مسلح افواج کو ماضی کی طرح پریڈ کرتا دیکھے گی جب کہ اسی سال چین کے صدر بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں