آج دوسرا سیمی فائنل کینگرو کیمپ پر گیل اور سنیل کی دہشت طاری

اوپنرکوجلد آئوٹ کرکے باقی ٹیم پر دبائو بڑھائینگے، بیلی


Sports Desk October 05, 2012
اسپن میں حریف کی کمزوری کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، ویسٹ انڈین قائد فوٹو: فائل

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جمعے کو آسٹریلیا کا سامنا ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔

کینگرو کیمپ پر کرس گیل اور سنیل نارائن کی دہشت طاری ہے، ہارڈ ہٹر اوپنر کو قابو کرنے کیلیے حکمت عملی تیار کرلی گئی، آف اسپنر نارائن کو جارحانہ کھیل سے دبائو میں لایا جائے گا، گلین میکسویل کی جگہ ڈیوڈ ہسی کو میدان میں اتارنے پر غور جاری ہے، کپتان جارج بیلی نے کہاکہ ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن کی مضبوطی میں کوئی شک نہیں، گیل کو جلد آئوٹ کر کے باقی بیٹسمینوں پر دبائو بڑھائیں گے، دوسری جانب ٹرافی کو پہنچ میں دیکھ کر کیریبیئن پلیئرز کی دھڑکنیں بھی تیز ہوگئیں۔

کپتان ڈیرن سیمی نے کہاکہ اسپن بولنگ میں حریف ٹیم کی کمزوری کا فائدہ اٹھائیں گے،کیریبیئن ایتھلیٹس کی عمدہ کارکردگی نے ہمارا بھی حوصلہ بڑھا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے معیار میں زیادہ فرق نہیں،رینکنگ میں بھی دونوں آگے پیچھے ہی ہیں،کیریبیئن ٹیم کو کرس گیل اور مارلون سیموئلز جیسے ہارڈ ہٹرز کی خدمات حاصل تو کینگروز کے پاس شین واٹسن، ڈیوڈ وارنر اور تجربہ کار مائیک ہسی موجود ہیں۔

مڈل آرڈر کے استحکام کیلیے آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل کی جگہ ڈیوڈ ہسی کو کھلایا جائے گا، وہ خاص طور پر اسپنرز کا سامنا کافی اچھے انداز میں کرتے ہیں،آخری سپر ایٹ میچ میں پاکستانی اسپنرز کے ہاتھوں تباہی کا شکار ہونے کے بعد آسٹریلیا نے ویسٹ انڈین اسپنرزکو جارحانہ انداز میں کھیلنے کی پلاننگ کی ہے، کیریبیئن ٹیم سنیل نارائن کے ساتھ سیموئل بدری کو کھلاسکتی ہے، کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہم اسپن بولنگ میں آسٹریلوی ٹیم کی کمزوری کا فائدہ اٹھائیں گے، اولمپکس سمیت دیگر بڑے ایونٹس میںکیریبیئن ایتھلیٹس کی عمدہ کارکردگی نے بھی ہمارا حوصلہ بڑھا دیا، ہم کرکٹ میں بھی بڑا اعزاز پانا چاہتے ہیں۔

دونوں ٹیمیں اس سے قبل ابتدائی رائونڈ میں بھی ایک دوسرے کا مقابلہ کرچکیں جس میں کرس گیل اور مارلون سیموئلز نے ففٹیز بناکر اپنی ٹیم کا ٹوٹل 191 تک پہنچایا تھا تاہم بارش کی دخل اندازی سے قبل شین واٹسن نے برق رفتار 41 رنز اسکور کرکے مجموعہ 9.1 اوورز میں 100 تک پہنچایا دیا، اس وجہ سے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت کینگروز کو 17 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا تھا۔ گیل اب بھی آسٹریلوی ٹیم کے اعصاب پر سوار ہیں، انھیں قابو کرنے کیلیے خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے، کپتان جارج بیلی نے کہاکہ ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج گیل ہی ہیں ہم انھیں جلد سے جلد قابو کرکے باقی بیٹسمینوں پر دبائو بڑھانے کی کوشش کریں گے، کوچ مکی آرتھرنے کہاکہ بیٹنگ لائن میں میکسویل کی جگہ ڈیوڈ ہسی کو کھلاسکتے ہیں، البتہ بولنگ میں ہوگ اور پیٹ کمنز کو برقرار رکھا جائیگا، ہمیں امید ہے کہ ہوگ ویسٹ انڈین مڈل آرڈر کو پریشان کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔