امن کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے براک اوباما

جنوبی ایشیا میں استحکام کے فروغ اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان اوربھارت کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے،امریکی صدر


ویب ڈیسک February 07, 2015
امریکا کے خلاف تباہ کن دہشت گرد حملے کم ضرور ہوئے ہیں لیکن اب بھی ان کے خدشات موجود ہیں، امریکی صدر باراک اوباما فوٹو: فائل

امریکی صدر براک اوباما نے علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جنوب اوروسطی ایشیا میں امن کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

امریکی کانگریس میں قومی سلامتی کی حکمت عملی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے براک اوباما نے علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ہم پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تشدد کے خاتمے، علاقائی استحکام اور قیام امن کے لئے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا جنوبی اور وسطی ایشیا میں استحکام کے فروغ، دہشت گردی کے خاتمے اور علاقائی اقتصادی روابط کے لئے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

دوسری جانب امریکا کی قومی سلامتی کی حکمت عملی کے حوالے سے جاری ہونے والی رپورٹ میں سلامتی سے متعلق متعدد چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے امریکی انداز کی وضاحت کی گئی ہے جس میں داعش کے شدت پسندوں کے خلاف لڑائی سے لے کر یوکرین میں روس کے خلاف اقدامات اور چین کا ابھر کر سامنے آنا شامل ہے۔ رپورٹ میں باراک اوباما نے کہا کہ امریکا کو محض فوجی طاقت پر انحصار نہیں کرنا چاہئے کیونکہ ملک اس وقت طاقتور بنتا ہے جب ہم مشترکہ اقدام کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف لڑائی کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ امریکا وسیع سطح کی زمینی جنگوں سے ہٹ گیا ہے اور ہدف بنا کر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں اور عالمی اتحادیوں سے مل کر مشترکہ اقدام کر رہا ہے، امریکا کے خلاف تباہ کن دہشت گرد حملے کم ضرور ہوئے ہیں لیکن اب بھی ان کے خدشات موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔