بلدیاتی انتخابات حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے

عوامی مسائل کےحل کےلیےبلدیاتی نظام کی افادیت کوسمجھتےہوئے بالآخر بلدیاتی انتخابات کی جانب پیش رفت مثبت ڈگرپرگامزن ہے۔


Editorial February 07, 2015
الیکشن کمیشن نے صوبوں سے انتخابات کی حتمی تاریخیں مانگ لی ہیں اور صوبوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد بلدیاتی انتخابات کی تاریخ بھی دے دی جائے گی۔فوٹو: فائل

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے شبہات کے بادل چھٹتے نظر آ رہے ہیں لیکن وقت کی طوالت عوام میں ابہام کا باعث بن رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تازہ بیان امید افزا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نومبر اور خیبرپختونخوا میں مئی میں ہوں گے جب کہ سندھ حکومت آئندہ برس مارچ میں انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔

قائم مقام سیکریٹری الیکشن کمیشن شیر افگن کے مطابق پنجاب میں 36 اضلاع سے حلقہ بندیوں کا مکمل ریکارڈ موصول ہو چکا ہے جب کہ لاہور سمیت 6 اضلاع کا ریکارڈ ابھی فراہم کیا جانا باقی ہے، جس پر 12 سے 13 دن لگیں گے۔ حلقہ بندیاں فروری کے آخر یا مارچ میں شروع ہونے کا امکان ہے، پنجاب نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے، اس سلسلے میں دو چار دنوں میں حتمی طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔ کنٹونمنٹس میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے لیے آرڈیننس جاری کیا جائے گا جب کہ سندھ کو حلقہ بندیوں و دیگر مسائل کا سامنا ہے، جہاں مارچ 2016ء میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیاری ہے۔

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے لیے اپریل کے اوائل میں شیڈول جاری ہو جائے گا اور الیکشن مئی میں ہوں گے، انتخابات بائیومیٹرک نظام کے بغیر ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ کے پی کے حکومت کی درخواست پر مئی میں بلدیاتی انتخابات کرا دیے جائیں گے جب کہ پنجاب اور سندھ میں نئی حلقہ بندیوں کے بعد تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔

عوامی مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی نظام کی افادیت کو سمجھتے ہوئے بالآخر بلدیاتی انتخابات کی جانب پیش رفت مثبت ڈگر پر گامزن ہے لیکن مناسب ہو گا کہ صوبے حتمی تاریخ کا بھی اعلان کریں تا کہ ابہام کا خاتمہ ہو سکے، یہی وجہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبوں سے انتخابات کی حتمی تاریخیں مانگ لی ہیں اور صوبوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد بلدیاتی انتخابات کی تاریخ بھی دے دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |