کراچی سمیت صوبے کے9اضلاع ڈنگی وائرس کیلیے حساس قرار

ڈنگی پری وینشن اینڈکنٹرول پروگرام میں ابتدائی طور پر4 ڈاکٹروں سمیت 11افراد پر مشتمل عملہ تعینات کردیاگیا ہے۔

گزشتہ برس 2014میں ڈنگی سے 17اموات اور 1200 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سال 2013میں ڈنگی سے 33 اموات اور ساڑھے5ہزار کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

کراچی سمیت صوبے کے 9 اضلاع ڈنگی وائرس کے لیے حساس قراردیدیے گئے ہیں۔

ڈنگی پری وینشن اینڈکنٹرول پروگرام میں ابتدائی طور پر4 ڈاکٹروں سمیت 11افراد پر مشتمل عملہ تعینات کردیاگیا ہے، ذرائع کے مطابق ڈنگی پری وینشن اینڈ کنٹرول پروگرام نے کراچی کے پانچوں اضلاع سمیت حیدرآباد، میرپورخاص ، ٹھٹھہ اور لاڑکانہ کو حساس قرار دیدیا ہے اور ان اضلاع میں انسداد ڈنگی کے لیے جراثیم کش ادویات کے اسپرے مہم جلد شروع کی جائیگی،ذرائع کے مطابق گزشتہ برس ڈنگی کی رپورٹنگ بھرپورانداز میں نہیں ہوسکی لہٰذا ڈنگی پری وینشن اینڈکنٹرول پروگرام نے 2013کی رپورٹنگ کے پیش نظر سندھ کے مذکورہ اضلاع کوڈنگی کے لیے حساس قرار دیا ہے۔


گزشتہ برس 2014میں ڈنگی سے 17اموات اور 1200 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سال 2013میں ڈنگی سے 33 اموات اور ساڑھے5ہزار کیس رپورٹ ہوئے تھے، اس بارے میں ڈنگی پری وینشن اینڈ کنٹرول پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر شکیل ملک نے بتایا کہ کراچی کے 5اضلاع سمیت حیدرآباد، میرپورخاص ، ٹھٹھہ اور لاڑکانہ کو حساس قرار دیا ہے ، 2013میں رپورٹ ہونے والے کیسوں میں سے 98فیصد کیس کراچی سے تھے۔

انھوں نے کہا کہ ڈنگی پری وینشن اینڈ کنٹرول پروگرام کے لیے بلدیہ عظمیٰ سے جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤکے لیے استعمالی ہونے والی 24گاڑیاں اور 6ہینڈ پمپ بھی پروگرام کو دے دیے ہیں جبکہ ہم نے پروگرام کے لیے محکمہ صحت سے 2 ڈمپر بھی مانگے ہیں ،اس بار چھڑکاؤ کے لیے جراثیم کش ادویات انسداد ملیریا کنٹرول پروگرام فراہم کرے گا، گاڑیاں اور ہینڈ پمپ ملتے ہی جراثیم کش ادویات کا اسپرے شروع کر دیا جائیگا، اس پورے نظام کو شفاف بنانے کے لیے گاڑیوں میں استعمال کیے جانے والے فیول کی نگرانی بھی کی جائے گی اور سسٹم نصب کیا جائے گا جبکہ ڈرائیوروں کو پی ایس او کے فیول کارڈاور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کرنے والی گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ ان کی نگرانی کی جا سکے۔
Load Next Story