ورلڈ کپ کے پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے دی

آسٹریلیا کے 371 رنز کے جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 265 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

گلین میکسویل صرف 57 گیندوں پر 122 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہوئے جبکہ وارنر 104 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور:

ورلڈ کپ 2015 کے پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 106 رنز سے شکست دے دی۔


آسٹریلیا کے ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو جیت کے لئے 372 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 45.1 اوور265 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اجنکایا ریہانے 66،شیکر دھاون 59 اور امباتی ریادو 53 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ 4 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3، مچل اسٹارک، مچل جونسن اور جوش ہیزلیووڈ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل کینگروز کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تو کینگروز ٹیم 48.1 اوور میں 371 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز جوڑے، گلین میکسویل اور ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے برق رفتار سنچریاں بنائیں، میکسویل صرف 57 گیندوں پر 8 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 122 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہوئے جبکہ وارنر 104 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایرون فنچ 20،شین واٹسن22، کپتان جارج بیلی 44 اور مچل مارش 21 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر گلین میکسویل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔


بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کینگروز کے خلاف 8 بولروں کا استعمال کیا اور محمد شامی 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولر ثابت ہوئے جبکہ موہت شرما اور اومیش یادیو نے 2،2 جبکہ اسٹارٹ بینی اور ایگزر پٹیل نے ایک ایک اور روندرا جدیجا اور بھونیشور کمار کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

 

Load Next Story