پریزیڈنٹ ٹرافی کے آر ایل نے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف 496 کامجموعہ پایا، نویدیاسین اورشعیب منہاس کی سنچریاں

زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف 496 کامجموعہ پایا، نویدیاسین اورشعیب منہاس کی سنچریاں، اسٹیٹ بینک نے4 وکٹ پر 211 رنز اسکور کر لیے. فوٹو فائل

KARACHI:
پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں اسٹیٹ بینک نے پی آئی اے کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 4 وکٹ پر 211 رنز بنالیے۔

عثمان ارشد نے ناقابل شکست سنچری داغی،کے آر ایل نے نوید یاسین اور شعیب منہاس کی سنچریوں کی مدد سے زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف 496 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی آئی اے کے 321 رنز کے جواب میں اسٹیٹ بینک نے 4 وکٹ پر 211 رنز اسکور کیے، اسے پہلی اننگز کا خسارہ دور کرنے کے لیے مزید 110 رنز کی ضرورت ہے، عثمان ارشد نے 14 چوکوں سے مزین نا قابل شکست 103 رنز بنائے جبکہ عثمان سعید نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز اسکور کیے، نجف شاہ، انور علی، اعزا زچیمہ اور آغا صابر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔


این بی پی اسٹیڈیم میں یو بی ایل کے323 رنز کے جواب میں پورٹ قا سم نے 3 وکٹ پر 156 رنز بنائے، اسے خسارے سے نکلنے کیلیے مزید 167رنز درکار ہیں۔ خرم منظور 59 اور دانیال احسن 46 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں، شاہ زیب حسن نے41 رنز بنائے، کاشف بھٹی نے 32 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل بینک کے 329 رنز کے جواب میں حبیب بینک نے 4 وکٹ پر 239 رنز بنائے، عمران فرحت نے 13 چوکوں کی مدد سے 88 رنز اسکور کیے جبکہ شان مسعود 55 پر ناقابل شکست ہیں، احمد شہزاد نے 40 رنز جوڑے ۔ وہاب ریاض، محمد نواز، حماد اعظم او ر فواد عالم نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں کے آر ایل نے شعیب منہاس اور نوید یاسین کی سنچریوں کے ذریعے 496 رنز بنائے، شعیب منہاس نے 19 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 152 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نوید یاسن نے 100 رنز بنانے کے دوران 14 گیندیں بائونڈری کے باہر پہنچائیں، زوہیب خان نے 113 رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،ریحان ریاض، محمد خلیل اورجنید ضیا نے2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں زرعی ترقیاتی بینک نے 3 وکٹ پر 86 رنز بنائے، شرجیل خان نے نصف سنچری اسکورکی۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سوئی ناردرن گیس نے واپڈا کے خلاف 7 وکٹ پر 213 رنز بناکر 13 رنز کی برتری حاصل کرلی، توفیق عمر نے 33 اور علی وقاص نے 35 رنز بنائے، محمد رضوان 48 رنز پر کھیل رہے ہیں، اظہر اﷲ نے 53 اور شعیب مقصود نے 47 رنز دیکر 3، 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، قبل ازیں واپڈا کی ٹیم پہلی اننگز میں 200 رنز بناکر آئوٹ ہوئی، شعیب مقصود2 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے، انھوں نے 9 چوکے اور 2 چھکے لگائے،اسد علی اور یاسر شاہ نے بالتر تیب53 اور 72 رنز دے کر 3، 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔
Load Next Story