عراقی دارالحکومت بغداد سے 12 سال بعد کرفیو اٹھا لیا گیا
عراق کے دارالحکومت بغداد میں گذشتہ 12 سال سے نافذ کرفیو اٹھا لیا گیا جس کے بعد شہری جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت بغداد میں نصف شب 12 بجے سے صبح 5 بجے تک عوام کی نقل و حرکت پر پابندی عائد تھی جس کے اٹھائے جانے کے بعد شہر بھر میں لوگ سڑکوں پر پرچم لہراتے ہوئے جشن مناتے رہے جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹوں پر جاری کی جانے والی تصاویر میں لوگوں کو سڑکوں پر ناچتے گاتے دکھایا گیا ہے۔
دوسری جانب عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے کرفیو اٹھائے جانے کے اعلان کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ بغداد میں زندگی کو معمول پر لانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکوں سے خوفزدہ نہیں اس لئے دارالحکومت میں عوام کو تحفظ کا احساس دلانے کے لئے کرفیو ہٹایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2003 میں امریکا کی جانب سے عراق پر حملے کے بعد سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دارالحکومت میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔