ٹور کمیٹی سعید اجمل کو ورلڈ کپ کھلاناچاہے تو اعتراض نہیں چیئرمین پی سی بی

محمد حفیظ کی جگہ ٹیم میں ناصرجمشید کو شامل کیا گیا ہے جن سے بہتری کی امید ہے، شہریار خان


ویب ڈیسک February 08, 2015
ورلڈ کپ کے بعد بھارت،بنگلا دیش اور انگلینڈ سے سیریز ہوں گی، شہریار خان فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ سعید اجمل نے "دوسرا" سمیت تمام ڈیلیوریز ٹیسٹ پاس کرلئے ہیں اور اگر ٹورکمیٹی انہیں ورلڈ کپ کھلانا چاہے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔


لاہور میں میڈیا سے بات کرتےہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہمارے 2 مرکزی کھلاڑی باہرہوگئے، سعید اجمل کا بولنگ ایکشن درست ہونا خوشی کی بات ہے اور اب ان کے بولنگ ایکشن میں کوئی خامی نہیں جبکہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں محمد حفیظ کی جگہ ناصرجمشید کو شامل کیا گیا ہے جو ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور ان سے بہتری کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنید خان کی جگہ ٹیم میں شامل کئے گئے فاسٹ بولر راحت علی کو ویزا مل چکا ہے جبکہ ناصر جمشید آئی سی سی کے کنفرم کرنے کے بعد پاکستان سے روانہ ہوں گے۔


چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ورلڈ کپ کے بعد بھارت،بنگلا دیش اور انگلینڈ سے سیریز ہوں گی جبکہ نیپال اورہالینڈ کی ٹیمیں بھی پاکستان آنا چاہتی ہیں، دو تین جگہ مخصوص کرلی گئیں ہیں جہاں سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں اور امید ہے کہ پاکستان میں ہوم سیریز کا کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش میں ہماری ہوم سیریز ہے اس لیے معاوضے کا تقاضہ کیا اور اگر بنگلا دیش سے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو ممکن ہے سیریز کھیلنے ٹیم نہ جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں