بالی ووڈ سپر اسٹار رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کے خلاف ایک اور مقدمہ درج
بالی ووڈ سپراسٹار دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کو پبلک مقام پر محبت کا اظہار کرنا مہنگا پڑ گیا اور پولیس نے دونوں کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے محبت کے چرچے تو زبان زد عام ہیں لیکن اب ان کی محبت کا اظہار پبلک پلیس پر بھی ہونے لگا ہے جس پر ریاست مہارشٹرا پولیس نے عوامی مقام پر بوسہ دینے پر دونوں کے خلاف 2 مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمے میں جن دفعات کو شامل کیا گیا ہے اس میں عوامی مقام پرغیراخلاقی فعل اور فحاشی پھیلانے کا الزام لگایا گیا ہے۔
مہارشٹرا پولیس کے سب انسپکٹر وزیر شیخ کی جانب سے دائر مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر بالی ووڈ کے دونوں ناموراداکاروں کو 2 سال قید اور 2 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا جبکہ ایف آئی آر میں دفعہ 67 کو بھی شامل کیا گیا ہے جس کے مطابق فحش مواد انٹرنیٹ پر بھی عام کیا گیا ہے جس کی کم سے کم سزا 3 ماہ قید ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں عوامی مقام پر پروگرام کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے پر بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار کرن جوہر، دپیکا پڈوکون، سوناکشی سنہا، رنویر سنگھ اور ارجن کپور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔