کراچی میں آئی آئی چندریگرروڈ پر کامرس سینٹر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیاگیا

فائر بریگیڈ کی 20 گاڑیوں نے عمارت میں لگی آگ پر قابو پایا، چیف فائر آفیسر

کامرس سینٹر کے تھرڈ فلور پر آگ بھڑک اٹھی جسے بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کا عملہ کوششوں میں مصروف ہے۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

فائر بریگیڈ نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے اہم ترین کاروباری علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ایک عمارت کی تیسری منزل پر آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی دوسری منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث عمارت میں کئی لوگ پھنس گئے۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی اور آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ اسنارکل کی مدد سے لوگوں کو نکالنے کا کام بھی شروع کردیا۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے شہر بھر میں موجود فائر بیریگیڈ کے عملے کو الرٹ کردیا گیا۔


چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، کارروائی میں فائر بریگیڈ کی 20 گاڑیوں سے حصہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارت میں اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔



واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں واقع ملک کی سب سے بڑی ٹمبر مارکیٹ میں بھی آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے کی املاک جل کر خاکستر ہوگئی تھیں۔



 

Load Next Story