فیصل آباد میں ن لیگ کے رکن اسمبلی نے فٹبال گراؤنڈ کو قبرستان بنادیا

مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی نواز ملک کھیل کے میدان پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، علاقہ مکین

حلقے میں قبرستان میں تدفین کے لئے جگہ نہیں اس لئے زمین الاٹ کرائی گئی ہے، رکن اسمبلی نواز ملک کا موقف فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی نواز ملک نے کھیلوں کا میدان قبرستان کے لئے الاٹ کراتے ہوئے راتوں رات کئی جعلی قبریں بنوادیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد کے علاقے محمود آباد میں فٹبال گراؤنڈ میں راتوں رات کئی جعلی قبریں بنادی گئیں، علاقے کے لوگوں نے جب ان قبروں کو کھودا تو وہ خالی تھیں، علاقہ مکینون کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی نواز ملک کھیل کے میدان پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں تاکہ وہ اس جگہ پر اپنے عزیزوں کے لئے قبرستان بنواسکیں۔


مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی نواز ملک نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حلقے کی آبادی 22 لاکھ ہے لیکن یہاں واقع قبرستانوں میں تدفین کی جگہ کم پڑ گئی ہے جس کی وجہ سے صورت حال یہ ہے کہ ایک ایک قبر میں کئی مرحومین مدفون ہیں، اس سلسلے میں چند روز قبل علاقے کی چند معزز شخصیات نے ان سے قبرستان کے لئے جگہ کی الاٹ منٹ کی درخواست کی تھی۔ جس پر انہوں نے ڈی سی او سے اپیل کی کہ قبرستان سے متصل گراؤنڈ کی کچھ اراضی الاٹ کردی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قبرستان میں چار دیواری نہیں اس لئے قبرستان کی جگہ کے تعین کے لئے نشانی کے طور پر کچھ نشانات لگائے گئے تھے تاکہ اس جگہ کے تقدس کو برقرار رکھا جائے۔

 

Load Next Story