سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
اسلام کے مقامی ہوٹل میں تحریک انصاف کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے پر فخر ہے جبکہ گورنر کا عہدہ چھوڑنے پر عوام کی جانب سے بہت پذیرائی ملی، جب گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالا تو کہا تھا کہ میں پاکستان کو دینے کے لئے آٰیا ہوں کچھ لینے کے لئے نہیں، جن عہدوں سے عوام کو فائدہ نہ ہو ان کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اسٹیٹس کو سے ٹکرانا آسان کام نہیں جبکہ ملک میں اس وقت 5 فیصد لوگوں نے 95 فیصد عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے ہمیں ایسا ملک بنانا ہے جہاں 95 فیصد عوام کی حکمرانی ہو، جاگیرداروں اور وڈیروں کے گھروں میں 23 ملین بچے اسکولوں کے بجائے کام کر رہے ہیں۔
چوہدری سرور نے کہا کہ جو شخص ملک سے کرپشن کے خاتمے اور تبدیلی کی بات کرتا ہے اس پر تحریک انصاف کا لیبل لگادیا جاتا ہے، تحریک انصاف جمہوریت پسند جماعت ہے جو ملک سے اسٹیٹس کو کے خاتمے کے لئے جدوجہد میں مصروف ہے،پی ٹی آئی انصاف کی بات کرتی ہے اور کرپشن، ناانصافی اور احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،پاکستان سےآج بھی غربت اورجہالت کا خاتمہ نہیں ہوا،عوام کے ساتھ زیادتیاں ہورہی ہیں اورانہیں انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 20 سال سے پاکستان میں جدوجہد کررہے ہیں،مخالفین نے عمران خان پرالزامات لگائے مگران پرکرپشن کا کوئی الزام نہیں جبکہ عمران خان نے ہی مجھے کہا کہ اگر تحریک انصاف کو حکومت کا موقع ملا تو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کریں گے۔
واضح رہے کہ ایکسپریس نیوز نے سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے متعلق خبر 29 جنوری کو دی تھی۔