قائد ایم کیوایم الطاف حسین نے ترجمان تحریک انصاف سے اپنے بیان پر معذرت کرلی

الطاف حسین کی معذرت خوش آئند ہے اور امید ہے کہ آئندہ ایسے بیان سے گریز کیا جائے گا، ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری


ویب ڈیسک February 10, 2015
عمران خان پاکستانی ہیں وہ جب بھی کراچی آئیں گے انہیں خوش آمدید کہا جائے گا، الطاف حسین، فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں شریک خواتین سے متعلق اپنے بیان پر معذرت کرلی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الطاف حسین نے کہا کہ وہ شیریں مزاری سے متعلق دیئے گئے اپنے بیان پر معافی مانگتے ہیں جب کہ تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں شریک خواتین سے متعلق اپنے بیان پر معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی سے جنگ نہیں بلکہ ملک سنوارنا چاہتے ہیں۔ بعد ازاں ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی سے ٹیلی فونک گفتگو میں الطاف حسین نے متحدہ کی ریلی میں عمران خان کی کراچی آمد سے متعلق تنقید پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلی میں چند مقررین کے جملوں سے مجھے صدمہ پہنچا ہے، عمران خان پاکستانی ہیں وہ جب بھی کراچی آئیں گے انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کی معذرت خوش آئند ہے اور امید ہے کہ آئندہ ایسے بیان سے گریز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں درگزر کرنے کا درس دیتا ہے لیکن دوبارہ اگر یہی رویہ اختیار کیا گیا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں