ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سری لنکا فائنل میں پہنچ گیا ہارنے پر پاکستانی شائقین کو سکتہ

گرین شرٹس کوسیمی فائنل میں 16رنز سے شکست، شاہین 139 رنز بھی نہ بناسکے،حفیظ 42 رنز بناکر پاکستان کے ٹاپ اسکورررہے


Sports Desk October 05, 2012
کراچی:پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20ورلڈکپ کا بڑی اسکرین پرسیمی فائنل دیکھنے والی لڑکیاںقومی ٹیم کی شکست پر سرپکڑ کررورہی ہیں۔ فوٹو: آن لائن

KARACHI: ٹی 20 ورلڈکپ سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو16رنزسے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

اوپنرز قائد مہیلا جے وردنے اور دلشان کے درمیان 63 رنزکی شراکت نے ہوم سائیڈ کو مضبوط بنیاد فراہم کی،سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔کپتان مہیلا جے وردنے42 اور دلشان 35رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹ پر123 رنز بناسکی۔کپتان حفیظ 42 رنز بناکر پاکستان کے ٹاپ اسکورررہے۔

رنگانا ہیراتھ نے 3 جبکہ اجنتھا مینڈس اور انجیلو متھیوز نے 2،2 وکٹیں لیں۔پاکستانی ٹیم کی شکست پر قوم افسردہ ہوگئی جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر شاہد آفریدی نے اپنی ناقص کارکردگی پر ڈریسنگ روم میں ہیلمٹ اور بیٹ توڑدیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کپتان مہیلا جے وردنے 42 اور تلکارتنے دلشان 35نے ٹیم کو 63 رنز کی بنیاد فراہم کی تاہم بعد ازاں دیگر میزبان بیٹسمین زیادہ مستقل مزاجی سے نہ کھیل سکے اورمقررہ اوورز کے اختتام تک مزید76 رنز کے سفر میں 4 وکٹیں گریں۔

سنگاکارا 18اورجیوان مینڈس 15 رنز بناکر میدان بدر ہوئے جبکہ تشارا پریرا اور میتھیوز بالترتیب 11 اور10 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ سعید اجمل ، شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور عمر گل نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی،جواب میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 123 رنز اسکور کرسکی۔ کپتان محمد حفیظ نے ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے، رنگانا ہیراتھ نے 3جبکہ انجیلو میتھیوز اور اجنتھا مینڈس نے 2،2 وکٹیں لیں۔ پاکستانی ٹیم کی شکست کے بعد صبح سے میچ کیلیے پرجوش شائقین کرکٹ پر سکتہ طاری ہوگیا اور جشن فتح کیلیے قوم کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں