ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں آئی سی سی حکام کے لیپ ٹاپ چوری
کرکٹ کے سب سے بڑے میلے ورلڈ کپ شروع ہونے میں صرف 2 روز باقی رہ گئے لیکن نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں چور آئی سی سی آفیشلز کے 5 لیپ ٹاپ لے اڑے جس کے بعد سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
ورلڈ کپ 2015 کا مشترکہ طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 14 فروری سے آغاز ہونا ہے لیکن اس سے قبل نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں آئی سی سی کے ایکریڈیشن برانچ سے نامعلوم چور حکام کے 5 لیپ ٹاپ لے اڑے جس میں اہم معلومات موجود تھیں۔ کینٹبری ڈسٹرکٹ کمانڈر نے تصدیق کی ہے کہ چور ہیگلے نیٹ بال سینٹر سے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہاں قیام پذیر آئی سی سی حکام کے 5 لیپ ٹاپ لے اڑے جس کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے،کمانڈر نے یقین دلایا ہے کہ چوری سے ورلڈ کے دوران سیکیورٹی انتظامات پراثرنہیں پڑے گا اورجلد چوروں کوگرفتار کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ لیپ ٹاپ پرخفیہ کوڈ لگے ہوئے ہیں اس وجہ سے چوری سے سیکیورٹی معاملات یا ورلڈ کپ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے ہوٹل میں قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر حارث سہیل کو بھوت دکھائی دیئے تھے جس پر کیویز کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اور اب کرائسٹ چرچ سے چور آئی سی سی آفیشلز کے 5 قیمتی لیپ ٹاپ لے اڑے۔