ایئرپورٹ سے آنے والوں کو لوٹنے میں ملوث 2 نقلی پولیس اہلکار گرفتار

دونوں ملزمان پولیس سے برطرف کیے جاچکے، لوٹ مار کے کئی مقدمات میں جیل بھی جاچکے ہیں، ایس ایچ او حیدری


Staff Reporter February 12, 2015
اسٹریٹ کرائم میں ملوث برطرف پولیس اہلکار۔ فوٹو: ایکسپریس

حیدری پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے2نقلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور کارڈ برآمد کرلیے۔

دونوں ملزمان پولیس سے برطرف کیے جاچکے، چاکیواڑہ سے لیاری گینگ وار کا کارندہ پکڑا گیا ،سندھ پولیس نے 24 گھنٹے میں 156 ملزمان کوگرفتارکرلیا، تفصیلات کے مطابق حیدری پولیس نے جیم خانہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان عارف عرف کمانڈو اور محمد علی عرف ملک صاحب کوگرفتار کرکے اسلحہ اور پولیس کے کارڈ برآمد کرلیے۔

واقعے میں ملزمان کا ساتھی محفوظ فرار ہوگیا، ایس ایچ او حیدری انظار عالم نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ کچھ افراد جیم خانہ کے قریب شہریوں کو روک کر تلاشی لے رہے ہیں،پولیس جب قریب پہنچی تو ملزمان نے کار سواروں کو روکا ہوا تھا۔

پولیس موبائل دیکھتے ہی ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس اہلکاروں نے ملزمان کا تعاقب کیا اور کچھ دور جاکر 2 ملزمان کو پکڑلیا، ایک ملزم تنگ گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرارہوگیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اورپولیس کارڈ برآمد کرلیے، انظار عالم نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ ملزمان اپنے آپ کو اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سی آئی اے کا اہلکار ظاہر کرتے تھے جس سے شہری بھی مرعوب ہوجاتے تھے،تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ دونوں برطرف پولیس اہلکار ہیں۔

دونوں ملزمان 1991 میں پولیس میں بھرتی ہوئے تھے لیکن ان کی خراب کارکردگی کے باعث انھیں 1995 میں برطرف کردیا گیا تھا، ان کا ساتھی محفوظ بھی پولیس سے برطرف ہے ، تینوں مل کر وارداتیں کرتے تھے اور زیادہ تر ایئرپورٹ کے علاقے میں اندرون و بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو تلاشی کے بہانے روکتے اور انھیں ان کی نقدی و قیمتی سامان سے محروم کردیتے تھے، ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔

ملزمان نے تفتیش کے دوران مزید بتایا کہ ایئرپورٹ کے علاوہ نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، سولجر بازار، تیموریہ اور دیگر تھانوں میں وہ پہلے بھی گرفتار ہوچکے ہیں، متعدد مرتبہ جیل بھی جاچکے ہیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں کئی اہم انکشافات متوقع ہیں، علاوہ ازیں چاکیواڑہ کے علاقے تغلق لین میں پولیس مقابلے کے دوران ملزم امام بخش عرف ڈی ڈی گرفتار کرلیا گیا،ایس ایچ او یاسین گجر کے مطابق پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم امام بخش زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا، ملز کے قبضے سے اسلحہ اور 2 دستی بم برآمد کرلیے گئے۔

ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے عذیر بلوچ گروپ سے ہے، ملزم کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،دریں اثنا سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق سندھ پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 156 ملزمان کو گرفتار کرلیا، 94 چھاپے مارے گئے، 6 مقابلوں کے دوران 2 ملزمان ہلاک ہوگئے، گرفتار ملزمان میں ایک دہشت گرد، 5 قاتل، 15 اسلحہ آرڈیننس جبکہ 11 کو منشیات ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں