امریکا میں پولیس نے 3 مسلمانوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے ایف بی آئی سے مدد طلب کرلی

مقتولین کے والد کے بیان کے بعد پولیس نے تحقیقات کو وسیع کرتے ہوئے ایف بی آئی سے مدد طلب کرلی۔


ویب ڈیسک February 12, 2015
یقین ہے کہ میری 2 بیٹیوں اور داماد کو مذہب سے نفرت کی وجہ سے قتل کیا گیا،والد ۔ فوٹو:فائل

امریکا کی ریاست کیرولائنا میں پولیس نے 3 مسلمان شہریوں کے قتل کی تحقیقات کے لئے ایف بی آئی سے مدد طلب کرلی۔


غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز کیرولائنا میں قتل کئے گئے 3 مسلمانوں کے قتل اور مقتولین کے والد ابو صالح کی جانب سے اسے نفرت پر مبنی قتل کی واردارت قرار دیئے جانے کے بعد کیس سنجیدہ نوعیت اختیارکرگیا ہے۔ مقتولین کے والد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ میری 2 بیٹیوں اور داماد کو مذہب سے نفرت کی وجہ سے قتل کیا گیا جبکہ امریکی میڈیا نے شہریوں پر بار بار اسلامی دہشت گردی کے لفظ کی یلغار کرکے انہیں مسلمانوں سے خوفزدہ کردیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ شدت پسند عیسائی ہمیں نشانہ بنارہے ہیں۔


دوسری جانب 3 مسلمانوں کے قتل کا واقعہ رپورٹ ہونے پر پولیس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مقتولین کا اپنے ایک ہمسائے کے ساتھ پارکنگ کے معاملے پر تنازعہ چل رہا تھا اور امکان ہے کہ اسی وجہ سے انہیں قتل کیا گیا ہو تاہم مقتولین کے والد کے بیان کے بعد پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے ایف بی آئی سے مدد طلب کرلی ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی کیرولائنا ریاست میں چیپل ہل کے مقام پرنامعلوم شخص نے 2 خواتین اور ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا جس کے الزام میں پولیس نے 46 سالہ ملزم کریگ اسٹیون ہکس کو گرفتارکیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں