عمران خان کا سندھ میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا اعلان

سندھ میں پولیس کو سیاسی بناکرتباہ کردیا گیا ہے جب سیاسی لوگ خود پولیس سے غلط کام کروارہے ہیں،چیئرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک February 12, 2015
اندرون سندھ بھٹو کے نام پر پیسہ بنایا جارہا ہے،عمران خان۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں عوام کو انسانی حقوق میسر نہیں یہاں لوگوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک کیا جاتا ہے اس لئے تحریک انصاف سندھ میں اپنی سرگرمیاں تیز کرے گی۔


شکار پور کے سومرو ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ بھٹو کے نام پر پیسہ بنایا جارہا ہے، سندھ کے لوگوں کو پیغام ہے کہ وہ تیار ہوجائیں پڑھے لکھے نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کر کے صوبے میں جلسے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ میں 7 سال سے اقتدار میں ہے لیکن جان بوجھ کر بلدیاتی انتخابات کرانا نہیں چاہتی اور اس کے لئے ہیلے بہانے تلاش کئے جارہے ہیں جبکہ آئین کہتا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کرانا لازم ہے،سندھ میں پولیس کو سیاسی بناکرتباہ کردیا گیا ہے جب سیاسی لوگ خود پولیس سے غلط کام کروارہے ہیں تو دہشتگردوں کو کیسے پکڑے گی جبکہ خیبرپختونخوا میں پولیس غیر سیاسی ہے اورایک بھی بھرتی سیاسی نہیں کی گئی۔


چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک حالت جنگ میں اس لئے وزیراعظم نواز شریف اور آصف زرداری اپنے بزنس دورے ختم کر کے ملک میں ٹھہریں جبکہ اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم کو مسلح گروہوں کے خلاف کارروائی کا مینڈیٹ دیا تھا جس پر اب تک عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کرپشن کا طریقہ بن چکا ہے جہاں ضمیروں کی قیمت لگائی جاتی ہے اگر کسی بھی ایم پی اے نے اپنی قیمت لگائی گئی تو اس کے خلاف عدالت جائیں گے اور عوام کو آگاہ کریں گے، عوام سے بھی مطالبہ ہے کہ ضمیر کی قیمت لگانے والے ایم پی ایز کے گھروں کا گھیراؤ کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔