مائی کراچی نمائش 10 تا 12 اپریل ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی

6ہال میں263 اسٹالز لگائے جائیںگے،غیرملکی بھی شریک،7لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے


Business Reporter February 13, 2015
مائی کراچی کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ رواں سال ہالوں کی تعداد بڑھاکر6 کردی گئی ہے جس میں263 اسٹالز لگائے جائیں گے فوٹو: فائل

بین الاقوامی سطح پرکراچی کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے کی غرض سے کراچی چیمبر آف کامرس کے تحت 12 ویں مائی کراچی نمائش کراچی ایکسپوسینٹر میں10تا12 اپریل تک جاری رہے گی۔

بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے کراچی چیمبر کے صدرافتخار احمد وہرہ، مائی کراچی نمائش کمیٹی کے چیئرمین محمد ادریس ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہوسکے، اسٹریٹ کرائم، سرعام لوٹ مار اور کارچوری کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے تاہم ضلع غربی کے کچھ علاقوں میں صورتحال بہتر ہوئی ہے، مغربی میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کے اثرات کو زائل کرنے کیلیے کراچی چیمبرنے 2004 سے مائی کراچی نمائش کا انعقاد شروع کیا جس میں مقامی میڈیا نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔

مائی کراچی کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ رواں سال ہالوں کی تعداد بڑھاکر6 کردی گئی ہے جس میں263 اسٹالز لگائے جائیں گے، غیر ملکی نمائش کنندگان بھی شرکت کریں گے جبکہ 7لاکھ سے زائد افرادکی آمدمتوقع ہے۔ ایک سوال پرسراج تیلی نے کہا کہ فیڈریشن میں برسراقتداریونائیٹڈ گروپ سے تعاون کے حوالے سے کوئی معاہدہ طے نہیں پایا کیونکہ ایف پی سی سی آئی میں کرپشن عروج پرہے جبکہ جعلی ایسوسی ایشنز کی بڑی تعداد موجود ہے۔

ایس ایم منیر اگر کرپشن ختم کرائیں اور جعلی انجمنوں کا خاتمہ کریں تب بی ایم جی کا تعاون بھی انہیں حاصل ہوگا۔ افتخار احمدوہرہ نے کہاکہ نمائش کراچی کے مثبت اورسافٹ امیج کوفروغ دینے کاباعث ہوگی۔ محمد ادریس نے کہاکہ اس سال کراچی چیمبر نے ڈیزائنرر لان فیبرکس کے فروغ کیلیے خصوصی پویلین قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نمائش میں میڈیا ہاؤسز کو بھی بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں