ساتویں ایکسپو پاکستان نمائش کراچی میں شروع ہوگئی

نمائش میں غیرملکی خریداروں کی بڑی تعدادشریک،افتتاح وزیرتجارت امین فہیم نے کیا


Business Reporter October 05, 2012
وفاقی وزیرامین فہیم ایکسپو سینٹر میں ساتویںایکسپو نمائش کے افتتاح کے بعد اسٹالزکا دورہ کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ساتویں ایکسپو پاکستان نمائش کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگئی ہے، نمائش میں غیرملکی خریداروں کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے۔

نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم نے کیا۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکیٹو طاہررضا نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ افتتاح کے بات میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم نے کہاکہ نمائش میں غیر ملکی خریداروں کی بڑی تعداد میں شرکت پاکستان کے بارے میں کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کی نفی ہے،غیرملکی خریدار پاکستان میں کاروباری ماحول اور سیکیورٹی صورتحال سے مطمئن ہیں اسی لیے انھوں نے پاکستان کا رخ کیا ہے۔

اس موقع پرٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ طاہررضا نقوی نے کہاکہ نمائش سے ایک ارب ڈالر کے برآمدی آرڈرز حاصل ہونے کی توقع ہے، گزشتہ نمائش سے500 ملین ڈالر سے زائد کے آرڈرز ملے تھے،انھوں نے کہاکہ نمائش کے انعقاد سے رواں سال کا تجارتی ہدف حاصل کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔ وفاقی وزیر نے نمائش کے تمام چھ ہالزکا دورہ کیا اور مختلف اسٹالز پر رکھی مصنوعات کا جائزہ لیا اور اسٹال لگانے والی کمپنیوں کے نمائندوں سے بات چیت کی بعد ازاں مختلف ملکوں کے تجارتی وفود نے وفاقی وزیر سے ملاقاتیں کیں۔

دریں اثنا میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر نے کہاکہ غیرملکی خریداروں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی افتتاحی تقریب میں عدم شرکت کے ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم اہم مصروفیات کی وجہ سے افتتاحی تقریب میں شرکت نہ کرسکے جن میں روسی وزیر خارجہ سے ملاقات بھی شامل ہے تاہم وزیر اعظم نمائش کا دورہ کرسکتے ہیں۔ ملک میں بجلی گیس کے بحران اور امن و امان کی صورتحال مخدوش ہونے کے باوجود نئے برآمدی آرڈرز لینے کی حکمت عملی پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ملک میں توانائی کا بحران اور حالات معمول پر نہیں ہیں لیکن صنعتیں تمام تک مشکلات کے باوجود کام کررہی ہیں ٹیکسٹائل سیکٹر اب بھی سب سے زیادہ زرمبادلہ کمارہا ہے۔

اسی طرح رائس انڈسٹری بھی مستحکم ہے ملکی تجارت کو اندرونی اور بیرونی دونوں عوامل کی وجہ سے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم متعلقہ ادارے ان چیلنجز سے نمٹنے میں کوشاں ہیں۔ میڈیا بریفنگ میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ طاہر رضا نقوی نے کہا کہ نمائش میں کراچی چیمبرکو جگہ فراہم کی گئی اب اس جگہ کو بھرنا اور موثر طریقے سے استعمال کرنا چیمبر کی ذمے داری ہے اسی طرح دیگر خالی اسٹالز ان کمپنیوں کے ہیں جو ملک کے دوسرے شہروں سے کراچی آرہی ہیں اور کل تک یہ اسٹالز بھی پرکرلیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں