سندھ سے غداری کرنیوالے جلال شاہ کو بھاگنے نہیں دینگے کھوڑو

کالا باغ ڈیم کیخلاف قرار داد پر مائک بند کروا دیے تھے، اس وقت سندھیت کہاں گئی تھی


Staff Reporter October 05, 2012
قوم پرست جماعتیں منتخب نمائندوں کے گھروں پر حملے بند کرائیں وہاں بھی سندھی رہتے ہیں۔ فوٹو : فائل

اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کے خلاف قرار داد پیش کرنے کے دوران ایوان کے مائیک اور لائٹس بند کروا کر سندھ سے غداری کرنے والے سید جلال شاہ کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

ان کی ہر بات کا بھرپور جواب دے کر اصل چہرہ عوام کے سامنے لا کر انھیں بے نقاب کیا جائے گا۔ سندھ کی ٹھیکیداری کا دعویٰ کرنے والے سید جلال شاہ اپنا بلڈ پریشر کنٹرول میں رکھ کر تاریخ اور اسمبلی رولز کو یاد کریں کہ وہ ڈپٹی اسپیکر ہوتے ہوئے کالا باغ ڈیم اور پانی کے ایشو سمیت سندھ کے دیگر ایشوز پر پیپلز پارٹی کی اپوزیشن کے مائیک کیوں بند کراتے تھے اس وقت ان کی سندھیت کہاں گئی تھی۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں تاہم قوم پرست جماعتیں منتخب نمائندوں کے گھروں پر حملے کرانے بند کریں کیونکہ ان کے گھروں میں بھی سندھی رہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جلال محمود شاہ اور سندھ بچاؤ کمیٹی میں شامل جماعتوں کے رہنمائوں کی سیاست کا کانٹا ایک جگہ رک گیا ہے اور انھیں نیند میں بھی بلدیاتی نظام کا بل یا د آرہا ہے کیوں کہ بلدیاتی انتخابات میں انھیں ایک یوسی کونسل کی سیٹ بھی حاصل ہونے کی کوئی امید نہیں۔ انھوں نے کہا کہ جلال شاہ سمیت دیگر قوم پرست جماعتوں کو اگر انگریزی آتی ہے تو وہ پہلے بل کو پڑھیں اور عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ بل میں ترامیم کی گنجائش موجود ہے اگر مسلم لیگ فنکشنل، اے این پی سمیت دیگر جماعتوں کو اعتراضات ہیں تو وہ ترامیم جمع کراسکتے ہیں، انھیں کس نے روکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں