ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 98 رنز سے شکست دے دی

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 47ویں اوور میں 233 رنز پر ڈھیر ہوگئی


ویب ڈیسک February 14, 2015
نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی، ایڈم ملنے، ڈینئل ویٹوری، ٹرینٹ بولٹ اور کورے اینڈرسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: ورلڈ کپ 2015 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 98 رنز سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 47ویں اوور میں 233 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز تھریمانے نے بنائے انہوں نے 65 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان انجیلو میتھیوز 46 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں دلشان 24، کمار سنگاکارا 39، دمتھ کرونارتنے 14، جیون مینڈس 4، نووان کلاسیکرا 10 اور رنگنا ہیراتھ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی، ایڈم ملنے، ڈینئل ویٹوری، ٹرینٹ بولٹ اور کورے اینڈرسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ بہترین کارکردگی پر کورے اینڈرس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کیوی بلے بازوں نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنا ڈالے۔ برینڈن میک کولم اور مارٹن گپٹل نے اپنی ٹیم کو 111 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم میک کولم 65 کے انفرادی اسکور پر رنگنا ہیراتھ کو چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے جب کہ مارٹن گپٹل 49 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ کین ولیم سن 57 رنز بنا کر جیون مینڈس کا شکار بنے جب کہ اگلی ہی گینڈ پر روس ٹیلر بھی اسٹمپ ہو گئے۔ گرانٹ ایلیٹ 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن کورے اینڈرسن نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے لوک رونچی کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 331 رنز تک پہنچا دیا۔ اینڈرسن 46 گیندوں پر 75 رنز بنا کر 50 ویں اوور کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے جیون مینڈس اور سرنگا لکمل نے 2،2 جب کہ رنگنا ہیراتھ اور کلا سیکارا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ لاستھ ملنگا سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور وہ 84 رنز دے کر ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔