نام بدل کر کام کرنےوالی کالعدم تنظیموں کےخلاف کریک ڈاؤن کرنےکا فیصلہ

کریک ڈاؤن پالیسی صوبائی حکومتوں کی ہدایت پرقانون نافذ کرنیوالے ادارے مرتب کرینگے


عامر خان February 14, 2015
تنظیموں کے فنڈنگ ذرائع معلوم کیے جائیں، حکومت کی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کوہدایت۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ملک میں نام بدل کر سرگرمیاں جاری رکھنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کافیصلہ کیا ہے اور ان تنظیموں کی سرگرمیوں کی اعلیٰ سطح پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

وفاقی حکومت کے انتہائی باخبر ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ وفاقی حکومت کو اہم اداروں نے آگاہ کیا ہے کہ حکومت نے جن تنظیموں پر پابندی عائد کی تھی،ان میں سے بعض تنظیمیں نام تبدیل کرکے سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان تنظیموں کے بعض رہنما اور کارکنان سنگین وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ان تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کیلیے حکمت عملی وضع کرے۔

ان تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن پالیسی صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر قانون نافذ کرنے والے ادارے مرتب کریں گے، ان تنظیموں کے حوالے سے رپورٹ مرتب ہونے کے بعد ان کے نئے نام سے کام کرنے پربھی پاپندی لگانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔اعلیٰ سطح پر کی جانے والی مشاورت میں یہ طے کیا گیا ہے کہ ان تنظیموں کی سرگرمیوں کو مکمل طور پر مانیٹر کیا جائے گا اور خفیہ ادارے ان تنظیموں کے بارے میں مکمل رپورٹ حکومت کو فوراً پیش کریں گے۔

حکومت نے فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ایسی تنظیمیں جو نام بدل کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ان کے رہنماؤں اور کارکنان کی مکمل نگرانی کی جائے اور ان کی فنڈنگ کے ذرائع بھی معلوم کیے جائیں ،وفاقی حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ان تنظیموں کے ایسے رہنما جوانتہائی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں ان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں