نئی دہلی میں کشمیر سے متعلق سیمینار پر ہندو انتہا پسندوں کا حملہ

پاک بھارت مذاکرات کی بحالی پر حریت کانفرنس کا خیرمقدم کیا گیا


News Agencies February 14, 2015
بھارت اور پاکستان تنازع کشمیر سمیت تمام مسائل کو بامعنی مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرسکتے ہیں، حریت کانفرنس:فوٹو: فائل

تنازع کشمیر پر نئی دہلی میں ایک سیمینار پر ہندوانتہاپسندوں نے حملہ کردیا اورپروفیسرعبدالرحمن گیلانی کو زدوکوب کرنے کی کوشش کی گئی، پاک بھارت مذاکرات کی بحالی پر حریت کانفرنس کا خیرمقدم

سیمینار کا انعقاد نئی دہلی میں قائم ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹس یونین نے شہید کشمیری رہنماؤں مقبول بٹ اورافضل گورو کے حوالے سے جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں کیا تھا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی طلبہ تنظیم ''اکھل بھارتیہ ودیاتھی پریشد'' اور ''راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ'' کے کارکنوں نے نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میںتنازع کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار پر حملہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں تنظیموں کے کارکنوں نے پروفیسر عبدالرحمن گیلانی کو اس وقت زدوکوب کرنے کی کوشش کی جب انھوں نے سیمینار میں اپنی تقریر شروع کی۔

طلبہ نے بعد میں ہندوانتہاپسندوں کارکنوں کے حملے کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔ سیمینار کے منتظمین کے مطابق انھوں نے سیمینار کے انعقاد کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ سے پیشگی اجازت لے لی تھی جو آخر وقت میں یہ کہہ کر واپسی لے لی گئی تھی کہ یہ بھارت مخالف تقریب ہے اور مقررین میں کشمیری پروفیسر عبدالرحمن گیلانی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پروفیسرسید عبدالرحمن گیلانی کو افضل گورو کے ساتھ بھارتی پارلیمنٹ پرحملے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن بعد میں بری کردیا گیا تھا۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی برطانیہ اور یورپ شاخ کے زیر اہتمام کشمیری رہنما مقبول بٹ شہید کی برسی کے سلسلے میںلندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

مظاہرین نے ایک گاڑی پر نصب'امن کی مشعل'کے ساتھ برطانوی پارلیمنٹ، ہائی کمیشن،10ڈاؤننگ اسٹریٹ پربرطانوی وزیراعظم کے دفتر اور دیگر اہم سرکاری دفاتر کے گرد گشت کیا۔ برطانیہ میںلبریشن فرنٹ کے صدر پروفیسر عظمت خان اوردیگر نے بھارتی ہائی کمیشن میں ایک عرض داشت بھی پیش کی جس پر 60 برطانوی اور یورپی اراکین پارلیمنٹ کے دستخط تھے۔

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت اور پاکستان تنازع کشمیر سمیت تمام مسائل کو بامعنی مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرسکتے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کی اطلاعات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس ہمیشہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی خواہاں رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں