بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے اپنی ٹیم پر زور دیا ہے کہ وہ دورہ آسٹریلیا میں ٹیم کی پے در پے شکست کو بھول کر پاکستان سے ہونے والے میچ پر توجہ مرکوز کریں کیونکہ یہ مقابلہ ان کے زیرو سے ہیرو بننے کا موقع ہے۔
ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے حصہ لینے والی بھارتی ٹیم کو گزشتہ 3 ماہ سے مسلسل شکستوں کو سامنا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اسے 0-2 کی ہزیمت اٹھانی پڑی جبکہ سہہ فریقی ایک روزہ سیریز میں بھارتی ٹیم ایک میچ بھی جیتنے میں ناکام رہی۔ اسی لئے دھونی نے پاکستان کے خلاف میچ کو کھلاڑیوں کے لئے زیرو سے ہیرو بننے کا اہم موقع قرار دیا ہے۔ بھارتی کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ میچ کا پریشر دیگر میچوں کے مقابلے میں کہیں زیاہ ہوتا ہے کیونکہ اس میچ کے لئے کروڑوں شائقین کرکٹ انتظار میں رہتے ہیں۔
دھونی کا کہنا ہے کہ ہمیں گزشتہ میچوں کو بھلا کر پرانی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیئے لیکن اہم بات یہ ہے کہ کھلاڑی کنڈیشنز سے اچھی طرح مانوس ہوچکے ہیں۔ بھارتی کپتان اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس سے بھی مطمئن اور خوش نظر آتے ہیں۔ ان کے مطابق ہمارے کھلاڑی دباؤ میں میچ کھیلنے کے عادی ہوچکے ہیں اور انڈین پریمیئر لیگ کی وجہ سے وہ گراؤنڈ میں بڑے مجمعے کے سامنے بہتر کارکردگی کے لئے اچھی طرح تیار ہیں۔ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ناقابل شکست رہنے کے سوال پر دھونی نے کہا کہ سابقہ ریکارڈ پر میڈیا میں بات کرنا تو اچھا لگتا ہے تاہم اہم یہ ہے کہ میچ والے دن آ پ کیاکارکردگی دکھاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار کو ہونے والے پاک بھارت میچ میں 50 ہزار سے زائد تماشائی موجود ہوں گے جب کہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد براہ راست ٹی وی پر یہ میچ دیکھیں گے۔ جو ٹیم بھی اس معرکے میں فتح حاصل کرے گی اس کیلئے کوارٹر فائنل تک رسائی کے قوی امکانات ہوں گے۔