پہلے ہی دن ناقص امپائرنگ کا کھاتہ بھی کھل گیا

ٹیلرکوایل بی ڈبلیو دینے کے بعد دوسرے اینڈ پر موجود اینڈرسن رن آؤٹ قرار


Sports Desk February 15, 2015
آئی سی سی نے علیم ڈار اوردھرماسینا کی جانب سے سنگین کوتاہی کا اعتراف کرلیا۔ فوٹو : فائل

ADELAIDE: ورلڈ کپ کے پہلے ہی دن ناقص امپائرنگ کا کھاتہ بھی کھل گیا، امپائرز کی غلطی نے انگلش بیٹسمین جیمز ٹیلر کو سنچری سے محروم کردیا۔

ایک ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو دینے کے بعد دوسرے اینڈ پر موجود جیمز اینڈرسن کو رن آؤٹ بھی قرار دے دیا، آئی سی سی نے علیم ڈار اوردھرماسینا کی جانب سے سنگین کوتاہی کا اعتراف کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ شروع ہوتے ہی امپائرز کی غلطیاں بھی سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں، پہلے میچ میں آفیشلز نے ایسا کام کیا جس پر خود کونسل بھی حیران رہ گئی۔ آسٹریلیا سے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کے جیمز ٹیلر 98 رنز پر ناٹ آؤٹ اور دوسرے اینڈ پر آخری کھلاڑی جیمز اینڈرسن موجود تھے۔

ایسے میں جوش ہیزل ووڈ نے ٹیلر کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل کی جس پر علیم ڈار نے انگلی اٹھا دی۔ ٹیلر نے فوراً ریویو لیا، اسی اثنا میں ایرون فنچ نے ڈائریکٹ تھرو سے نان اسٹرائیک کی وکٹیں اڑا دیں اس وقت جیمز اینڈرسن کریز سے باہر تھے۔ تھرڈ امپائر نے ایل بی ڈبلیو کا فیصلہ منسوخ کردیا۔

اس کے باوجود آسٹریلوی کھلاڑیوں نے میچ کو ختم قرار دیتے ہوئے ٹیلر سے مصافحہ شروع کردیا۔ دوسرے امپائر سری لنکن دھرما سینا نے مشاورت کے بعد اینڈرسن کو رن آؤٹ قرار دے دیا جبکہ اس وقت ٹیلر ہنستے ہوئے کہتے رہے کہ یہ ڈیڈ بال تھی مگر ان کی کسی نے نہیں سنی، یوں وہ اپنی پہلی ون ڈے سنچری سے محروم ہوگئے۔ بعد ازاں آئی سی سی نے وضاحت کی کہ آرٹیکل 3.6 کے تحت جب ریویو لیا جائے تو گیند ڈیڈ ہوجاتی ہے،اس پر رن لیا جاسکتا نہ ہی آؤٹ کیا جاسکتا ہے، کونسل کی جانب سے انگلش مینجمنٹ سے بھی رابطہ کرکے غلطی کا اعتراف کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں