پیار تھا کھیل یا اداکاری بالی ووڈ کی ہیروئنز اور کرکٹرز کے درمیان جڑتے ٹوٹتے ناطے

انڈین فلم انڈسٹری کی اداکاراؤں اور کرکٹرز کے درمیان معاشقے کی خبریں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتی رہتی ہیں

فوٹو : فائل

HYDERABAD:
محبت کی کہانیاں صدیوں سے چلی آرہی ہیں۔ دنیا بدل جاتی ہے۔ بعض اوقات رسم ورواج بھی بدل جاتے ہیں، لیکن عشق اور محبت کے وہی مزاج ہیں۔

آج کے تیز اور جدید ترقی یافتہ دور میں بھی اس جذبے نے لوگوں کو اپنا اسیر بنا رکھا ہے۔ بات اگر عام انسان کی محبت کی ہو اور اس میں سمندروں جیسی گہرائی ہو تو وہ محبت سے عشق تک کا سفر بڑی تیزی سے طے کرتا ہے، لیکن اگر ذکر ہو بالی ووڈ کے چمکتے دمکتے ستاروں کا تو وہاں تو اسے محض ٹائم پاس یا پھر شہرت حاصل کرنے کا سستا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

بہت کم اسٹارز ایسے ہوتے ہیں جو واقعی اپنی محبت نبھاتے ہیں۔ بالی ووڈ میں ہیروئنز کا کرکٹرز کے ساتھ رومانس ہمیشہ سے ایک ہاٹ ٹاپک رہا ہے۔ انڈین فلم انڈسٹری کی اداکاراؤں اور کرکٹرز کے درمیان معاشقے کی خبریں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتی رہتی ہیں، جو اپنے پیار اور تعلقات میں سچے تھے وہ ابھی تک ساتھ نبھا رہے ہیں اور جن کا ساتھ وقتی تھا وہ الگ ہوچکے ہیں۔ آئیے کچھ ایسے جوڑوں کی زندگی پر نظر ڈالیں:



شرمیلا ٹیگور اور منصور علی خان پٹوڈی: یہ ایک کرکٹر اور ہیروئن کی ایک ایسی جوڑی ہے جس کی ہمیشہ عزت اور احترام کیا گیا ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ان دونوں نے اپنے رشتے کو خلوص دل اور محبت سے نبھایا۔ شرمیلا ٹیگور انڈین فلم کی وہ اداکارہ ہیں جن کے بارے میں یہ کہا جاتا رہا کہ وہ نہ صرف حسن کا پیکر ہیں بل کہ اداکاری بھی بہت دل سے کرتی ہیں۔ ان کی ہٹ فلموں میں ارادھنا، امر پریم، داغ، سفر، چُپکے چُپکے اور موسم وغیرہ شامل ہیں۔ دوسری جانب منصور علی خان بھی کرکٹ کی دنیا میں اپنے عروج پر تھے۔

وہ وقت دونوں ہی کے لیے کام یابیاں اور شہرت سمیٹے ہوئے تھا۔ منصور نے چند ملاقاتوں کے بعد شرمیلا کو پر پوز کردیا تھا اور شرمیلا کی رضامندی پاتے ہی یہ شادی 1969کو ہوئی۔ ان کے تین بچے سیف علی خان، سوہا علی اور زارا خان ہیں۔ سیف اور سوہا تو فلم انڈسٹری میں وارد ہوئے، جب کہ زارا فیشن ڈیزائننگ سے وابستہ ہے۔ اس خوش گوار شادی کا اختتام 2011میں منصور علی خان کی وفات سے ہوا۔



٭رینا رائے اور محسن حسن خان: بدقسمتی سے شرمیلا اور منصور پٹودی کی طرح رینا رائے اور محسن خان کی شادی خوش گوار نہ رہی۔ رینارائے گو کہ بالی ووڈ کی سپر اسٹار اداکارہ نہ تھیں، لیکن ان کے کریڈٹ پر چند اچھی اور کام یاب فلمیں جیسے کالی چرن، نصیب، ناگن اور جانی دشمن وغیرہ تھیں۔ رینا پاکستانی کر کٹر محسن حسن خان پر فدا ہوگئیں۔ ابتدا میں تو ان دونوں کے تعلقات کے حوالے سے یہ کہا گیا کہ دونوں ایک دوسرے سے افیئر چلارہے ہیں، لیکن بہت جلد لوگوں کی یہ قیاس آرائیاں ختم ہو گئیں، جب ان دونوں نے 1983میں شادی کرلی۔

دونوں ہی اپنی شادی سے بہت خوش تھے۔ رینا سے شادی کے بعد محسن نے بھی فلموں میں اداکاری شروع کردی۔ انہوں نے بالی ووڈ کی چند فلموں میں کام کیا۔ شادی کے بعد وہ رینا کے ساتھ پاکستان میں مستقل رہائش رکھنا چاہتے تھے۔ رینا نے یہاں ایڈجسٹمنٹ کی بہت کوشش کی لیکن شاید یہاں کے سوشل سرکل اور محسن کی فیملی نے رینا کو قبول نہیں کیا۔ اس طرح ان دونوں میں اختلافات پیدا ہونے شروع ہوگئے اور یہ بڑھتے بڑھتے طلاق تک جا پہنچے۔ دونوں کی ایک بیٹی جنت بھی ہے ۔



٭سنگیتا بجلانی اور اظہرالدین: سابق مس انڈیا سنگیتا بجلانی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اظہر الدین سے محبت کی شادی کی۔ ان دونوں کا افیئر کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چرچا لیے ہوئے تھا۔ سنگیتا مس انڈیا کا ٹائیٹل حاصل کرنے کے بعد فلمی دنیا میں اپنا نام بنانا چاہتی تھیں لیکن یہ ان کی بد قسمتی رہی کہ چند اچھی فلموں کے باوجود وہ انڈسٹری میں ایک ناکام اداکارہ کے طور پر جانی گئیں۔ سنگیتا کا ابتدا میں سلمان خان کے ساتھ بھی زور دار افیئر چلا تھا، لیکن سلمان اس افیئر کو کوئی تعلق نہیں دینا چاہتا تھا۔ بعد میں سنگیتا اظہر الدین کی محبت کا دم بھرنے لگیں۔

اظہر جو کہ پہلے ہی سے شادی شدہ تھے اور ان کے تین بچے تھے، دل کے ہاتھوں مجبور ہو گئے اور انہوں نے سنگیتا سے دوسری شادی کرلی۔ کچھ ہی عرصے بعد کئی باتوں پر اختلافات پیدا ہو نے لگے نوبت طلاق تک جاپہنچی۔




٭نینا گپتا اور ویوین رچرڈ: بالی ووڈ کی بہت کم ہیروئنز ایسی ہیں جن کا افیئر کسی غیرملکی کرکٹر یا کسی اور کھلاڑی سے رہا ہو۔ ان ہی چند اداکاراؤں میں ایک نام سابق اداکارہ نینا گپتا کا ہے۔ فلم انڈسٹری میں نینا کو ایک منہ پھٹ اور بولڈ خاتون کہا جاتا تھا۔

ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈ کی ٹیم نے جب انڈیا کا دورہ کیا تب وہاں ایک ہونے والی پرائیویٹ پارٹی میں نینا کی ملاقات ویوین رچرڈ سے ہوئی۔ یہ ملاقات پسندیدگی میں بدل گئی۔ نینا تو بے بانگ دہل اس بات کا اعتراف کرتی تھیں۔ ان دونوں کے مابین افیئر کئی سال تک رہا اور ان کے حوالے سے اخبارات میں چٹ پٹی خبریں بھی شائع ہوتی رہیں۔ نینا اور ویوین رچرڈ کے درمیان سنجیدہ تعلقات تھے۔ اس کے باوجود ان دونوں نے شادی نہیں کی البتہ ان تعلقات کے نتیجے میں ان کی بیٹی ماسابا Masaba پیدا ہوئی، جو کہ اب ایک نام ور فیشن ڈیزائنر ہے۔

٭روی شاستری اور امرتا سنگھ: 1980میں فلم بے تاب سے کیریر شروع کرنے والی اداکاری امرتا سنگھ کا شمار انڈسٹری کی اچھی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جن کے کریڈٹ پر کچھ معیاری اور سنجیدہ فلمیں بھی ہیں۔ اَسّی کی دہائی میں جب امرتا انڈسٹری میں اپنے پیر جمارہی تھیں ان ہی دنوں انڈین کرکٹ کے کھلاڑی روی شاستری بھی اپنے کیریر کے عروج پر تھے۔ جب روی کی امرتا سے پہلی ملاقات ہوئی تب کیوپڈ کا تیر کام کرگیا ۔ ابتدا میں تو ان دونوں نے ہی اس کی سختی سے تردید کی بعدازاں دونوں نے اپنے تعلقات کا اعتراف بھی کرلیا۔ ب

اوجود اس کے کہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، روی کے گھر والے امرتا سے یعنی ایک فلمی اداکارہ سے اس کی شادی کے حق میں نہ تھے۔ اس لیے یہ تعلق بنا کسی انجام کے ختم ہوگیا۔ 1990کے اختتام تک روی نے رتوسنگھ سے شادی کرلی اور اس شادی کے کچھ سال بعد امرتاسنگھ نے بھی سیف علی خان سے شادی رچا لی۔ شادی کے بارہ سال بعد امرتا نے سیف سے طلاق لے کر علیحدگی اختیار کرلی۔

٭نغمہ اور ساروو گنگولی: ساؤتھ کی اداکارہ نغمہ جنہوں نے ہندی فلموں میں کام کر کے شہرت حاصل کی، اپنی خوب صورتی کی بنا پر دیگر ہیروئنز میں الگ مقام رکھتی ہیں۔ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ساروو گنگولی کے ساتھ ان کے افیئر نے کئی تنازعات کو جنم دیا۔ دونوں کو کئی بار آندھرا پردیش کے ایک مندر میں دیکھا گیا۔ نغمہ کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے ساروو گنگولی نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی تھی، کیوںکہ ان کی فیملی ساروو کی بیوی ڈونا کے ساتھ ان کے تعلقات بحال کرنا چاہ رہی تھی۔ ایسی صورت حال میں نغمہ نے میڈیا پر ساروو کے حوالے سے بہت کچھ کہا۔ گنگولی کے اپنی بیوی کے ساتھ تعلقات بحال ہوتے ہی ان دونوں کے درمیاں افیئر ختم ہوگیا۔

٭انوشکا شرما اور ویرات کوہلی: بالی ووڈکی نٹ کھٹ اداکارہ انوشکا شرما جس نے شار رخ خان کے ساتھ فلم رب نے بنادی جوڑی کے ذریعے دھماکے دار انٹری دی اور اس فلم کی کام یابی کے بعد کئی ہٹ اور کام یاب فلموں میں کا م کیا۔ دوسری طرف انڈین کرکٹ ٹیم کے نام ور کھلاڑی ویرات کوہلی نے خود کو ہر طرح سے ایک بہترین کھلا ڑی ثابت کیا ہے۔ انوشکا اور ویرات کی ملاقات کچھ عرصہ قبل ایک شیمپو کا اشتہار شوٹ کراتے وقت ہوئی تھی۔ اس کے بعد ان کی کئی بار ملاقات ہوئی ۔

ابتدا میں تو ان دونوں نے سختی سے اس بات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا لیکن جب دونوں اپنا فارغ وقت ایک دوسرے کے ساتھ گزارنے لگے، یہاں تک کہ بیرون ملک بھی ان دونوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا، تب دونوں نے بھی اپنے تعلق کا اعتراف کرلیا۔ اب حقیقت یہ ہے دونوں ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہیں، لیکن فی الحال ان دونوں میں عارضی طور پر علیحدگی ہے، کیوں کہ کوہلی ورلڈ کپ میں مصروف اور انوشکا اپنی فلم ممبئی ویلوٹ کی شوٹنگز میں مصروف ہیں۔



٭کم شرما اور یووراج سنگھ: اداکارہ کم شرما کا شمار کام یاب ہیروئنز میں تو نہیں کیا جاتا، البتہ وہ اپنی بے باکی اور بولڈنیس کی وجہ سے فلموں میں کبھی کبھی کاسٹ کرلی جاتی ہیں۔ دوسری طرف یووراج سنگھ انڈین کر کٹ ٹیم کا ایک بہترین کھلاڑی ہے۔ کم اور یووراج کے درمیان افیئر تقریباً پانچ سال تک رہا، لیکن کیوںکہ ان دونوں ہی کے خاندان نے ان کی آپس میں شادی کے حوالے سے مخالفت کی تھی، خاص طور سے یووراج کی ممی کی طرف سے انہیں سخت مخالفت کا سامنا تھا، اس لیے اتنے عرصے کا تعلق ختم ہوگیا۔ یووراج ورلڈ کپ میں مصروف ہوگئے اور کم نے کینیا کے ایک بز نس مین سے شادی کرلی۔



٭دیپکا پاڈوکون، ایم ایس دھونی، یووراج سنگھ: بالی ووڈکی گولڈن گرل دیپکا پاڈوکون کو اس وقت انڈسٹری میںنمبر ون کا مقام حاصل ہے۔ یقیناً وہ ایک اچھی اداکارہ ہیں اس لئے اوروں کے ساتھ ساتھ انڈین کرکٹ ٹیم میں بھی ان کے پرستار موجود ہیں کر کٹ ٹیم کے کپتان دھونی سے ایک ملاقات کے بعد ان دونوں کے افئیرز کی خبریں زبان زد عام ہو گئیں دونوں ہی درمیان زبردست افئیر چلا لیکن دھونی کو شاید اندازہ ہو گیا تھا کہ یہ صرف وقت گزاری ہے اور کچھ نہیں، اسی بنا پر انہوں نے اس تعلق کو ختم کردیا۔ تاہم دیپکا کی طرف سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

دھونی نے اپنی کالج کی گرل فرینڈ ساکشی سے شادی کرلی۔ کم شرما سے تعلق ختم کرنے کے بعد یووراج سنگھ کا نام کچھ عرصے تک دیپکا کے ساتھ بھی نظر آیا، لیکن یہ تعلق بہت جلد ختم ہو گیا۔


 

Load Next Story