این آر او عملدرآمد کیس حکومت کو خط لکھنے کے لئے 10 اکتوبر تک کی مہلت

پیرا گراف ایک اور دو 178 سے مطابقت رکھتے ہیں ،لیکن مسودہ کا تیسرا پیرا پہلے دو کے منافی ہے۔۔جسٹس کھوسہ


ویب ڈیسک October 05, 2012
پیرا گراف ایک اور دو 178 سے مطابقت رکھتے ہیں ،لیکن مسودہ کا تیسرا پیرا پہلے دو کے منافی ہے۔جسٹس کھوسہ ۔ فوٹو فائل

سپریم کورٹ نے سوئس حکام کو لکھے جانے والے مسودہ خط کے پہلے دو پیروں پر اطمینان اور تیسرے پیرا پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، خط کو پیرا 178 کے مطابق بنانے کے لئے حکومت کو 10اکتوبر تک مہلت۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے این آر او عملدرآمد کیس میں سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے سماعت کی، وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں خط کا ترمیم شدہ مسودہ پیش کیا، وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ملک کے مفاد میں ہے کہ نظام چلتا رہے اور ادارے باہمی ربط سے کام کریں اورحکومت کی خواہش ہے کہ یہ معاملہ جلد حل ہوجائے، انھوں نے مزید کہا کہ حکومت عدلیہ اور اس کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے او ر توقع ہے کہ عدلیہ بھی معاملہ کی حساسیت کا خیال رکھے گی۔

دوران سماعت ججز خط کا مسودہ لے کر کچھ دیر کے لئے چیمبر میں چلے گئے اور مشاورت کے بعد دوبارہ کمرہ عدالت میں آ کر مسودہ کے تیسرے پیرے پر تحفظات کا اظہار کیا ، جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہم نے معاملہ کا بہت جائزہ لیا، پیرا گراف ایک اور دو 178 سے مطابقت رکھتے ہیں ،لیکن مسودہ کا تیسرا پیرا پہلے دو کے منافی ہے ، انھوں نے مزید کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ساری کوشش ضائع ہو جائے ، حکومت اگر چاہیے تو غور کے لیے مزید دو دن دیئے جاسکتے ہیں، جس کے جواب میں وزیر قانون نے استدعا کی کہ آپ کے تحفظات کو دور کرنے کو تیار ہیں ،مجھے وزیر اعظم کے پاس آپ کے نئے تحفظات لے کر جانا ہوگا، آپ مجھے چیمبر میں 15 منٹ دیں تاکہ تحفظات پر بات کر سکوں، عدالت نے وزیر قانون کی استدعا منظور کرتے ہوئے چیمبر میں مشاورت کے لئے طلب کرلیا۔

عدالت کی دوبارہ سماعت پر وزیر قانون نےعدالت سے استدعا کی کہ خط کے مسودے کے لئے 10 اکتوبر تک مہلت دی جائے ، جس کے بعد عدالت نے مختصرحکم جاری کرتے ہوئے حکومت کوخط کا مسودہ بہترکرنے کے لئے مزید مہلت دے کر سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں