پاکستان ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف اپنی روایت نہ توڑ پایا

301 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 47 اوورز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی


ویب ڈیسک February 15, 2015
مصباح الحق کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بھارتی بولروں کا جم کر مقابلہ نہ کر پایا جس کے باعث پاکستان 76 رنز سے یہ میچ ہار گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 76 رنز سے ہرا دیا۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے میچ میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے، اوپنر روہت شرما اور شیکھر دھون ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور روہت شرما 34 کے مجموعی اسکور پر 15 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد ویرات کوہلی کریز پر آئے اور شیکھر دھون کے ساتھ ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 60 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم 163 کے مجموعے پر شیکھر دھون 73 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔

شیکھر دھون کے آؤٹ ہونے کے بعد سریش رائنا کریز پر آئے اور بغیر کسی دباؤ کے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ویرات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ایک روزہ میچوں کی 22ویں سنچری مکمل کی اور 107 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ مہندرا سنگھ دھونی 18 بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے سہیل خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 55 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ وہاب ریاض نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی ٹیم 301 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47 اوورز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، قومی ٹیم کو اننگز کے آغاز میں ہی خسارے کا سامنا کرنا پڑا اور یونس خان صرف 11 رنز کے مجموعے پر 6 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، یونس خان کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث سہیل کریز پر آئے تاہم وہ بھی احمد شہزاد کے ساتھ بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے اور 79 کے مجموعے پر 36 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے، 102 رنز کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد بھی 47 رنز بنا کر امیش یادؤ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد اگلی ہی گیند پر صہیب مقصود نے بھی سریش رائنا کو کیچ دے کر پویلین کی راہ لی جب کہ عمر اکمل بھی بغیر کھاتا کھولے رویندرا جدیجا کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

عمر اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا تاہم شاہد آفریدی بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک پائے اور 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مصباح الحق نے 6 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی ہار نہ مانی اور بھارتی بولروں کے آگے مزاحمت جاری رکھتے ہوئے 76 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جب کہ یاسر شاہ 13، وہاب ریاض 4 اور سہیل خان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کی، امیش یادؤ اور موہت شرما نے 2،2 جب کہ اشون اور رویندرا جدیجا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ میچ ہارنے کا افسوس ہے اور بھارت نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم اب ہمیں یہ میچ بھلا کر آگے دیکھنا ہے اور دیگر میچز بھی اہم ہیں جن پر توجہ دینی ہوگی۔ بہترین کارکردگی پر ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں