معمولات خاتون خانہ کے۔۔۔

40 سال کی عمر کے بعد باقاعدہ طبی معائنہ ضروری ہے


سویرا فلک February 16, 2015
40 سال کی عمر کے بعد باقاعدہ طبی معائنہ ضروری ہے۔ فوٹو: فائل

خاتون خانہ، کہنے کو تو بہت عام سا لفظ محسوس ہوتا ہے، مگر درحقیقت اس لفظ میں کئی ذمہ داریاں پنہاں ہیں۔

پورے گھر اور خاندان کی صحت، کھانے پینے، پہنے اوڑھنے سے لے کر ہر چھوٹی موٹی ضرورت کا خیال خاتون خانہ ہی رکھتی ہیں، مگر المیہ یہ ہے کہ اکثر خواتین اپنے حوالے سے بے پرواہ ثابت ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں صحت کے بنیادی مسائل لاحق ہونے لگتے ہیں اور خرابی صحت کے باعث جب خواتین اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری نہیں کر پاتیں۔ ایسے میں ظاہر ہے کہ پورے گھر کا نظم و نسق بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ اس لیے سب کا خیال رکھنے والی خاتون خانہ کو چاہیے کہ وہ اپنی ذات کو بھی وہ اہمیت دے، جو وہ دوسروں کو دیتی ہے اور اپنے لیے بھی وقت نکالے اور خصوصاً ان نکات کے حوالے سے محتاط رہے۔

٭کہتے ہیں کہ ہم وہی ہوتے ہیں اور نظر آتے ہیں، جو ہم کھاتے ہیں اور صحت مند ہونے کے لیے یقیناً صحت مند غذا کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ دودھ، شہد، میوہ جات، تازہ پھل اور سبزیاں اور مناسب مقدار میں سرخ اور سفیدگوشت ایسے بنیادی غذائی اجزا ہیں، جو صحت مند رہنے کے لیے استعمال کرنا بے حد ضروری ہے۔ وٹامن ای پر مشتمل غذائیں آپ کی جلد کو پررونق رکھنے میں معاون ہوتی ہیں، تو آئرن اور زنک پر مشتمل غذائیں آپ کو چست اور توانا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

٭ ورزش کی اہمیت سے بھلا کون انکار کر سکتا ہے۔ اگر آپ باقاعدہ کوئی ورزش نہیں کر سکتیں تو محض تیز قدمی، رسی کودنے اور سائیکل چلانے جیسے عوامل آپ کو فٹ رکھنے میں ممدو معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دماغی کارکردگی کو بڑھانے اور تھکن اتارنے کے لیے گہرے سانس لینے کی مشقیں مفید ثابت ہوتی ہیں۔

٭ پانی رب کریم کی ایک نعمت ہے، جس کا اندرونی اور بیرونی دونوں طرح کا استعمال آپ کو بیش بہا فوائد سے ہم کنار کر سکتا ہے۔ صبح نہار منہ ایک گلاس سادہ پانی پینے سے جسم کی اندرونی صفائی ہو جاتی ہے۔ روزانہ غسل آپ کو ہشاش بشاش رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ دن میں کئی بار پانی پینے کے ساتھ چہرے اور آنکھیں دھونے سے تازگی کا احساس ہوتا ہے۔ تازہ رس استعمال کرتے وقت بھی اس میں تھوڑا سا پانی ضرور شامل کریں اور یاد رکھیں کہ پانی زندگی کا ضامن ہے۔

٭ اپنے آپ کو مشین نہ بنائیں۔ کاموں کے ساتھ آرام اور نیند کے اوقات بھی ضرور مقرر کریں، تاکہ آپ تازہ دم ہو کر توانائی حاصل کر سکیں۔ اپنے ذہن کو پرسکون رکھنے کی کوشش کریں۔ ذاتی نوعیت کا کوئی مشغلہ ضرور اپنائیں۔ مالش بھی آپ کو تازہ دم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

٭ 40 سال سے زائد عمر کی خواتین باقاعدگی سے اپنا میڈیکل چیک اپ کرائیں اور اپنا تمام طبی ریکارڈ مکمل رکھیں۔ بیماری کو معمولی نہ سمجھیں اور مکمل طریقے سے اپنا علاج کریں اپنی فزیشن اور گائناکولجسٹ سے رابطے میں رہیں۔

٭ اچھے دوست بنائیں۔۔۔ کچھ کہنے اور سننے سے دل کا بوجھ ہلکا ہو جاتا ہے۔ اس بات کو ذہن نشین کرلیجیے کہ اگر آپ اپنا خیال نہیں رکھیں گی، تو کوئی دوسرا بھی نہیں کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں