جاپانی ادارہ قائد آباد تا اسٹیل ٹاؤن شاہراہ تعمیر کرے گا

جائیکا نے شاہراہ کی تعمیر کا سروے شروع کردیا،2.5 ارب روپے اخراجات آئیں گے


Syed Ashraf Ali February 16, 2015
شاہراہ کی چوڑائی بڑھاکربیچ میں فٹ پاتھ تعمیر اور اسٹریٹ لائٹس لگائی جائینگی. فوٹو؛ فائل

جاپانی ادارہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) شہر کی اہم شاہراہ N-5 (قائد آباد تا اسٹیل ٹاؤن) تعمیر کرے گی، منصوبے پر 2.5 ارب روپے کے آنے والے اخراجات جائیکا برداشت کرے گی.

تفصیلات کے مطابق قائد آباد تا اسٹیل ٹاؤن شاہراہ N-5 کہلاتی ہے، یہ سڑک 2 عشرے قبل تعمیر ہوئی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں ہے اس شاہراہ کی موجودہ حالت خراب ہے اور شاہراہ پر اسٹریٹ لائٹس کا کوئی وجود نہیں ہے ، نیشنل ہائی وے سے لنک ہونے کے باعث یہاں سے بھاری ٹرک اور ٹرالر گزرتے ہیں، شاہراہ تنگ ہونے کے باعث بدترین ٹریفک جام اور حادثات ہوتے رہتے ہیں، اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث شاہراہ جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن چکی ہے، سڑک دوطرفہ ہے ایک طرف کی چوڑائی 22 فٹ ہے جبکہ بیچ کی فٹ پاتھ ٹوٹ چکی ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو نے منصوبے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر نو 12کلومیٹر قائد آباد تا اسٹیل ٹاؤن تک کی جائے گی راستے کی تنگی دور کرتے ہوئے، دونوں اطراف چوڑائی میں اضافہ کرتے ہوئے ہر سائیڈ36 فٹ رکھی جائے گی، بیچ میں فٹ پاتھ تعمیر کی جائے گی اور اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جائیں گی انھوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے منصوبے کی منظوری دیدی ہے صوبائی لوکل گورنمنٹ اور بلدیہ عظمیٰ نے جائیکا کے ساتھ اس منصوبے کے لیے مفاہمتی یاداشت پر گزشتہ ہفتے دستخط کیے ہیں، منصوبے پر آنے والے اخراجات جائیکا برداشت کرے گا۔

بلدیہ عظمیٰ کی نگرانی میں جائیکا ہی شاہراہ تعمیر کرے گی، جائیکا کی ٹیم نے سروے کا آغاز کردیا ہے، نیاز سومرو نے بتایا کہ شہر کے 2 اہم منصوبوں جام صادق پل اور شاہراہ فیصل ایئرپورٹ تا قائد آباد سڑک کی تعمیر نو اگلے 2 ماہ میں شروع کردی جائے گی، جام صادق پل1992میں تعمیر ہوا تاہم 20سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود متعلقہ اداروں نے اس کی مرمت نہیں کی، جام صادق پل مرمت نہ ہونے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

ماہرین کے مطابق پل کی فوری تعمیر نو نہ کی گئی تو پل کا کوئی حصہ منہدم ہونے کا خدشہ ہے، جام صادق پل کی تعمیر نو کا کام 2 ماہ میں شروع ہوگا، حکومت سندھ نے منصوبے کی تعمیر نو کیلیے 13کروڑ روپے منظور کرلیے ہیں جو سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری کیے جائیں گے، شاہراہ فیصل ایئرپورٹ تا قائدآباد سڑک کی تعمیر نو بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت کی جائے گی، 6 کلومیٹر سڑک کیلیے 86کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں منصوبے پر تعمیراتی کام 2 ماہ میں شروع کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |