پاکستان کا جذبہ خیرسگالی 172 بھارتی ماہی گیر رہا

کرکٹ میچ میں تو پاکستان نہ جیت سکا لیکن بھارت پراخلاقی فتح ضرور حاصل کرلی


Raheel Salman February 16, 2015
کراچی، ملیر جیل سے رہا کیے گئے بھارتی ماہی گیر کینٹ اسٹیشن سے ریل کے ذریعے لاہور روانہ ہورہے ہیں جہاں انھیں واہگہ پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ فوٹو: ایکسپریس

کرکٹ میچ میں تو پاکستان نہ جیت سکا لیکن بھارت پر اخلاقی فتح ضرور حاصل کرلی۔

ایک مرتبہ پھر پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے طورپر ملیرجیل سے بھارتی ماہی گیروں کورہا کردیا جوہنسی خوشی اپنے گھروں کولوٹ گئے۔ 172ماہی گیروں کو جیل سے رہائی کے بعد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ انھیں کینٹ اسٹیشن پہنچایا گیا جہاں سے انھیں پہلی مرتبہ بس کے بجائے علامہ اقبال ٹرین کے ذریعے لاہور روانہ کیا گیا۔ واہگہ بارڈر پر انھیں بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ جیل حکام نے بتایا کہ ماہی گیروں کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر سرکریک سے پاکستانی سمندروں کی محافظ فورسز نے پکڑا تھا جس کے بعد انھیں جیل حکام کے حوالے کیا گیا۔

جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا 172 ماہی گیروں کے بعد اب ڈسٹرکٹ جیل ملیرمیں قید بھارتی ماہی گیروں کی تعداد349 رہ گئی ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ باقی ماہی گیروں کو بھی جلد رہا کردیا جائے گا۔ تمام ماہی گیروں کا تعلق بھارت کے شہرگجرات سے تھا۔ اس موقع پر رہائی پانے والوں کے چہرے خوشی سے دمک رہے تھے اور گھر واپس جانے کی خوشی ان کے چہروں سے جھلک رہی تھی۔ اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے مختلف ماہی گیروں نے خوشی کا اظہار کیا جبکہ جیل عملے کے حسن سلوک کی بھی تعریف کی۔ رہائی کے موقع پر جیل کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

اس سلسلے میں تمام سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن نے برداشت کیے جبکہ ماہی گیروں کوتحائف اوراجرک بھی پیش کی گئی۔جیل ذرائع نے بتایا کہ بھارتی ماہی گیروں کو پاکستان اور بھارت کے درمیان آسٹریلیا میں ہونے والا ورلڈ کپ کے حوالے سے منعقدہ کرکٹ میچ بھی ٹی وی پر دکھانے کا اہتمام کیا گیا تھا ، جہاں کچھ دیر وہ میچ سے لطف اندوز ہوئے ، اس موقع پر بھارتی ماہی گیروں نے اپنی ٹیم کے حق میں نعرے بھی لگائے اور اپنی ٹیم کی جیت کے حوالے سے انتہائی پرجوش دکھائی دیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں