ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کو اپنا وجود خطرے میں دکھائی دینے لگا

آئرلینڈ سے میچ جیسا کھیل پھر پیش کیا تو گھر واپسی کیلیے تیار رہنا چاہیے، سیمی


AFP February 17, 2015
کامیابی کو اپ سیٹ کہنا درست نہیں، ہماری ٹیم کا احترام کیا جائے، آئرش قائد فوٹو: فائل

KARACHI: ویسٹ انڈین ٹیم کو ورلڈکپ میں اپنا وجود ہی خطرے میں دکھائی دینے لگا، آل راؤنڈر ڈیرن سیمی نے خبردار کیاکہ آئرلینڈسے میچ جیسا کھیل پھر پیش کیا تو گھر واپسی کیلیے تیار رہنا چاہیے، ڈراپ کیچز سے میچز نہیں جیتے جاسکتے۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کو اپنے پہلے میچ میں ہی آئرلینڈ کے ہاتھوں 4 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،اس شرمناک ناکامی کے بعد آل راؤنڈر ڈیرن سیمی نے کہا کہ ایک بات تو یقینی ہے کہ اگر ہم اس طرح کھیلتے رہے تو پھر ایونٹ میں زیادہ دور تک نہیں جا پائینگے، بیٹنگ میں پارٹنر شپس سے بولرز کو آئرش سائیڈ کو روندنے کی کافی تحریک ملی لیکن فیلڈ میں ہم نے خود ہی اپنے امکانات کو ضائع کردیا۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے 300 رنز اسکور کیے اور ہمارا خیال تھا کہ میچ جیت گئے ہیں لیکن آئرلینڈ نے غلط ثابت کر دیا، یہ ٹیم بڑے میچز کھیل سکتی ہے، اس نے پہلے بھی آئی سی سیے ایونٹس میں چند بڑے اپ سیٹ کیے، یہ ہماری غلطی ہے کہ ہم نے انھیں اس مقابلے میں آسان حریف خیال کیا۔ دوسری جانب آئرلینڈ کے کپتان پورٹر فیلڈ نے کہا کہ میں اس فتح کو اپ سیٹ نہیں سمجھتا، ہم یہ میچ جیتنے کیلیے پوری طرح تیار ہوکر آئے تھے، ہم نے مقابلے کی تیاری یو اے ای اور جنوبی افریقہ میں کی، نجانے اپ سیٹ کا ٹیگ چھوٹی ٹیموں کیساتھ کیوں لگا دیا گیا اور صرف فل ممبر کی کامیابیوں کو ہی درست کیوں سمجھا جاتا ہے، ہماری ٹیم پہلے بھی اچھا پرفارم کرچکی، ہمیں بھی ویسا ہی احترام ملنا چاہیے جو دیگر سائیڈزکو حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں