پیپلزپارٹی نے متحدہ سے سینیٹ میں چیئرمین کیلیے حمایت مانگ لی
ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کو آگاہ کردیا ہے کہ سندھ کابینہ میں بے مقصد محکمے ایم کیو ایم کو قبول نہیں ہوں گے
پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کی قیادت کو پیغام بھیجا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کے بعد چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین کی نشست پر اس کے متوقع امیدوار کی حمایت کی جائے ۔
ایم کیو ایم کی قیادت میں سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) یا پیپلز پارٹی کے چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین کی نشستوں پر ان کے متوقع امیدواروں کی حمایت کرنے کی پالیسی طے کرنے پر مشاورت جاری ہے ،ایم کیو ایم کے حلقوں نے عندیہ دیا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی وعدے کے مطابق 60اور 40کے تناسب سے سندھ حکومت میں ایم کیو ایم کو حصہ دے گی تو پھر سینیٹ میں چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین کی نشستوں پران کے امیدواروں کی حمایت کی جاسکتی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت میں شمولیت کا فارمولاطے کرنے کے حوالے سے ایم کیو ایم کی قیادت نے مشاورت مکمل کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو پیغام بھیجا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سندھ کابینہ میں ایم کیو ایم کو کم ازکم بلدیات یا پلاننگ ڈیولمینٹ کے محکمے دے تاکہ ایم کیو ایم کے وزراء سندھ حکومت میں شامل ہوکر بہتر انداز میں عوام کی خدمت کرسکیں ،ایم کیو ایم نے پی پی کی قیادت کو آگاہ کردیا ہے کہ سندھ کابینہ میں بے مقصد محکمے ایم کیو ایم کو قبول نہیں ہوں گے ،پیپلز پارٹی کے حلقوں میں ایم کیو ایم کے اس پیغام پر مشاورت جاری ہے اور جلد ایم کیو ایم کو جواب دیا جائے گا.