پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت 25 مارچ تک کیلئے ملتوی

سابق صدر کے خلاف معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہے اس لئے سماعت نہیں کرسکتے، عدالت

سابق صدر کے خلاف معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہے اس لئے سماعت نہیں کرسکتے، عدالت. فوٹو: فائل

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت 25 مارچ تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کے مقدمے کی سماعت کی۔ مقدمے کی سماعت کے دوران پرویز مشرف کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر جسٹس طاہرہ صفدر نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقدمے میں کیا پیش رفت ہوئی ہے جس پر پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ جسٹس یاور علی نے کہا کہ کیا وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے خصوصی عدالت کو کارروائی روکنے کا حکم کہیں چیلنج کیا ہے جس پر سابق صدر کے وکیل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم کہیں بھی چیلنج نہیں کیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ شریک ملزموں کے حوالے سے جب تک کوئی فیصلہ نہیں کر لیتی بہتر ہوگا کہ سماعت آگے نہ بڑھائی جائے ۔


جسٹس یاور علی نے ریمارکس دئیے کہ مناسب ہوگا کہ لمبی تاریخ دے دی جائے تاکہ اسلام باد ہائیکورٹ میں معاملہ حل ہو جائے جس کے بعد 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی ۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والے بنچ کے سربراہ جسٹس فیصل عرب کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ بنا دیا گیا ہے اور انہیں آج اپنے عہدے کا حلف اٹھانا ہے۔
Load Next Story