پاکستان اور ترکی کے درمیان آزادانہ تجارت سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط

ترکی اور پاکستان ایسے شراکت دار ہیں جو کبھی الگ نہیں ہوسکتے،وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک February 17, 2015
ترک وزیراعظم کا آئی ڈی پیز کے لیے 2 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان، فوٹو: پی آئی ڈی

پاکستان اور ترکی کے درمیان آزادانہ تجارت سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط ہوگئے جبکہ ترک وزیراعظم کا کہنا ہے کہ چند ماہ میں معاہدوں پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔


اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف اور ترک ہم منصب کے درمیان طویل ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت مختلف امور پر بات کی گئی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت، سیاحت سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی، دفاع اور انسداد دہشتگردی میں تعاون جاری رہے گا، خطے کی ترقی اور عالمی امن کے لئے ترکی کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاورحملے کے بعد ترکی کی غیرمتزلزل حمایت کے شکرگزارہیں،ترکی اور پاکستان ایسے شراکت دار ہیں جو کبھی الگ نہیں ہوسکتے، گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر ترکی کا رد عمل قابل ستائش ہے، آزادی اظہارکےنام پرکسی بھی مذہب کی توہین کی مذمت کرتے ہیں۔


وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے جس کے لئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے اور بھارت کی جانب سے بھی مسئلہ کشمیر پر مثبت رویئے کی توقع ہے جبکہ پاکستان، افغانستان میں بھی قیام امن کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر ترک وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستان پہلا اور ترکی دوسرا گھر ہے جب کہ پاکستان کے مسائل ہمارے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر چند ماہ میں عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔


دوسری جانب پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو کا کہنا تھا کہ ترکی آئندہ 5 برسوں میں پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتا ہے، پاکستان مستقبل کی ابھرتی ہوئی معیشت ہے تاہم اس کی معاشی بحالی کے لیے اصلاحات ضروری ہیں، اس موقع پر ترک وزیراعظم نے آئی ڈی پیز کے لیے 2 کروڑ ڈالر امداد کا بھی اعلان کیا۔

اس سے قبل ترک وزیراعظم داؤد اوغلو وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جب کہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے جب کہ ترک وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے ترک وزیراعظم سے کابینہ ارکان کی ملاقات کرائی اور ترک ہم منصب نے بھی اپنے وفد کا وزیراعظم نواز شریف کو تعارف کرایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک وزیر اعظم نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مہمان ترک وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترکی ہرمشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں