اقوام متحدہ اور پاکستان کے درمیان اسکولوں کے تحفظ کا معاہدہ

اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گورڈن براؤن اوروزریراعظم نوازشریف کے درمیان اسکولوں کی سیکیورٹی سے متعلق معاہدے پربات ہوئی


ویب ڈیسک February 17, 2015
اسکولوں کے گرد چاردیواری کی تعمیر، سیکیورٹی چیک پوائنٹس اور خاردار باڑ کی تنصیب وغیرہ بھی منصوبے میں شامل. فوٹو: فائل

اقوام متحدہ اور پاکستان کے درمیان اسکولوں کے تحفظ کا معاہدہ طے پاگیا ہے جس میں اسکولوں کی سیکیورٹی بڑھانے سمیت مختلف تجاویز پر بات کی گئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سابق برطانوی وزیر اعظم اور تعلیم کے فروغ کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گورڈن براؤن نے پشاور سانحے کے تناظر میں وزیر اعظم نواز شریف سے بات کرتے ہوئے اسکولوں کے تحفظ کا منصوبہ پیش کیا جس کے تحت اسکولوں کے گرد پیس زون کے قیام، مسلح محافظوں کی تعیناتی، دھاتوں کی شناخت کرنے والے آلات اور ہنگامی حالات میں کام کرنے والے مواصلاتی نظام کی تنصیب کی تجاویز دی گئیں۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی کے دیگر اقدامات کے حوالے سے اسکولوں کے گرد چار دیواری کی تعمیر، سیکیورٹی چیک پوائنٹس اور خاردار باڑ کی تنصیب وغیرہ بھی منصوبے میں شامل ہیں۔

گورڈن براؤن کی جانب سے پیش کئے گئے سیکیورٹی منصوبے میں مسلح محافظوں کو اہم مقامات پر تعینات کرنے کی تجویز بھی شامل ہے جہاں سے گردو نواح پر نظر رکھی جاسکے جب کہ مسلح گارڈز اور سیکیورٹی عملے کی سخت جانچ کی بات بھی کی گئی ہے۔ تجویز کردہ منصوبے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی اسکول پر حملے کی صورت میں دوسرے اسکولوں تک انتباہ جاری کرنے اور فوری امداد طلب کرنے کا نظام بھی نصب ہونا چاہئے جب کہ مختلف علاقوں میں موجود چھوٹے اسکولوں کو ایک جگہ لایا جائے یا ایسے علاقے میں منتقل کیا جائے جہاں زیادہ حفاظتی انتظامات موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں